کشمیر داخلی معاملہ ہے، پاکستان کو بولنے کا حق نہیں: ہندوستانی وزارت خارجہ
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i236893-کشمیر_داخلی_معاملہ_ہے_پاکستان_کو_بولنے_کا_حق_نہیں_ہندوستانی_وزارت_خارجہ
ہندوستان کی وزارت خارجہ نے کشمیر کو اندرونی معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو اس معاملے میں مداخلت کا حق حاصل نہیں ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jul ۱۵, ۲۰۱۶ ۱۵:۴۹ Asia/Tehran
  • کشمیر داخلی معاملہ ہے، پاکستان کو بولنے کا حق نہیں: ہندوستانی وزارت خارجہ

ہندوستان کی وزارت خارجہ نے کشمیر کو اندرونی معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو اس معاملے میں مداخلت کا حق حاصل نہیں ہے۔

ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سورپ نے نئی دہلی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستان پر عسکریت پسندوں کی حمایت کا الزام بھی عائد کیا۔ انہوں نے پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ عسکریت پسندوں کی حمایت ترک کر دے۔

وکاس سورپ نے کہا کہ ہندوستان کے اندرونی معاملات میں پاکستان کی مستقل طور پر مداخلت مایوس کن ہے اور پاکستان یا کسی بھی دوسرے ملک کو کشمیر کے معاملات میں بولنے کا کوئی اختیار نہیں ہے۔

درایں اثنا اپنے ایک ٹویٹ میں ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے جموں کشمیر کی صورتحال کے بارے میں پاکستانی کابینہ کے فیصلوں کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔

وکاس سورپ نے اپنے ملک کے موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کے اندرونی معاملات میں پاکستان کی مستقل مداخلت مایوس کن ہے۔

واضح رہے کہ پاکستانی کابنیہ نے انیس جولائی کو ملک بھر میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے یوم سیاہ منانے، جبکہ کشمیر کی صورتحال پر مزید مشاورت کے لیے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا اعلان کیا ہے۔