کشمیر کے مسئلے پر پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کشیدگی میں اضافہ
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i238495-کشمیر_کے_مسئلے_پر_پاکستان_اور_ہندوستان_کے_درمیان_کشیدگی_میں_اضافہ
ہندوستان کی وزیر خارجہ سشما سوراج نے کشمیر کے پاکستان کے ساتھ الحاق کو ناممکن قرار دیا ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jul ۲۴, ۲۰۱۶ ۰۳:۵۳ Asia/Tehran
  • کشمیر کے مسئلے پر پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کشیدگی میں اضافہ

ہندوستان کی وزیر خارجہ سشما سوراج نے کشمیر کے پاکستان کے ساتھ الحاق کو ناممکن قرار دیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق ہندوستان کی وزیرخارجہ سشما سوراج کا کہنا تھا کہ پورا جموں کشمیر صرف ہندوستان کا ہے اور پورا ہندوستان پاکستانی وزیراعظم کو یہ بتانا چاہتا ہے کہ جموں کشمیر کو پاکستان کا حصہ بنانے کا خواب کبھی پورا نہیں ہو سکے گا چاہے دنیا ختم ہی کیوں نہ ہوجائے۔

انھوں نے کہا کہ کشمیر قیامت تک پاکستان کا حصہ نہیں بن سکتا۔ سشما سوراج نے پاکستان پرالزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جموں کشمیر میں تشدد پھیلا رہا ہے اور اس نے کبھی کشمیرکو دعائیں نہیں دیں بلکہ صرف دہشت گرد دیئے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہمیں بقول ان کے مقبوضہ کشمیر کے ان شہدا کو بھی یاد رکھنا چاہیے جنہوں نے قربانیاں دیں جبکہ ان کی تحریک آزادی کو کوئی نہیں روک سکتا اور وہ کامیاب ہو کر رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اس دن کے منتظر ہیں جب کشمیر بنے گا پاکستان۔

مسئلہ کشمیر ہندوستان اور پاکستان کے درمیان اختلاف کا اہم ترین سبب ہے۔ پاکستان اس مسئلے کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زور دیتا ہے جبکہ ہندوستان اسے اپنا اٹوٹ حصہ قرار دیتا ہے۔

ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں حزب المجاہدین کے اعلی کمانڈر برہان مظفر وانی کے ہندوستانی فورسز کے ہاتھوں قتل کے بعد گزشتہ دو ہفتوں سے حالات انتہائی بحرانی اور کشیدہ ہیں۔