جدہ میں سیکڑوں ہندوستانی شہری بھوکے پیاسے پھنس گئے
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i239761-جدہ_میں_سیکڑوں_ہندوستانی_شہری_بھوکے_پیاسے_پھنس_گئے
سعودی عرب کے شہر جدہ میں تقریبا آٹھ سو ہندوستانی شہری پچھلے تین روز سے بھوکے پیاسے پھنسے ہوئے ہیں۔
(last modified 2025-07-01T12:42:33+00:00 )
Jul ۳۰, ۲۰۱۶ ۱۵:۴۴ Asia/Tehran
  • جدہ میں سیکڑوں ہندوستانی شہری بھوکے پیاسے پھنس گئے

سعودی عرب کے شہر جدہ میں تقریبا آٹھ سو ہندوستانی شہری پچھلے تین روز سے بھوکے پیاسے پھنسے ہوئے ہیں۔

جدہ میں پھنسے ایک ہندوستانی شہری نے ہندوستانی وزیرخارجہ سشما سوراج کو ٹوئیٹ کرکے بتایا کہ تقریبا آٹھ سو ہندوستانی شہری پچھلے تین روز سے جدہ میں بھوکے پیاسے پھنسے ہوئے ہیں، جس کے جواب میں ہندوستانی وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ وزیرمملکت برائے خارجہ امور وی کے سنگھ کو مسئلے کے حل کے لئے سعودی عرب بھیجا گیا ہے-

اس درمیان ہندوستانی وزیرخارجہ نے سعودی عرب میں ہندوستانی سفارت خانے کو ہدایات دی ہیں کہ وہ ان ہندوستانی شہریوں کے لئے مفت کھانے پینے کا بندوبست کرے- سشما سوراج نے اپنے ٹوئیٹرپیج پر لکھا ہے کہ  وہ ہرگھنٹے صورت حال کا جائزہ لے رہی ہیں- انہوں نے یہ بھی لکھا کہ ایک اور وزیرمملکت برائے خارجہ امورایم جے اکبر، کویت اور سعودی عرب کے حکام کے سامنے یہ مسائل اٹھائیں گے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ سعودی عرب میں بے روزگار ہو جانے اور نتیجے میں وہاں پھنس جانے والے کسی بھی ہندوستانی  شہری کو کوئی پریشانی نہیں ہونے دی جائے گی- ہندوستانی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور کویت میں بڑی تعداد میں ہندوستانی شہریوں کی ملازمتیں ختم ہوئی ہیں اور ان کی کمپنیاں ان کی بقایا تنخواہیں نہیں دے رہی ہیں-

سشما سوراج نے کہا کہ کویت میں اگرچہ صورت حال کچھ بہترہوئی ہے لیکن سعودی عرب میں حالات بد سے بدتر ہوتے جا رہے ہیں-

واضح رہے کہ خلیج فارس کے عرب ملکوں میں لاکھوں کی تعداد میں ہندوستانی شہری ملازمتیں اور محنت و مزدوری کرتے ہیں تاہم تیل کی عالمی  منڈیوں میں سعودی عرب کی غیرمنطقی پالیسیوں اورفیصلوں کی وجہ سے  پچھلے کچھ عرصے سے تیل کی قیمتوں میں بے حد کمی آئی ہے اور نتیجے میں سعودی عرب اور تیل پیدا کرنے والی دیگرعرب ریاستوں میں شدید اقتصادی بحران پیدا ہو گیا ہے اور بڑی تعداد میں غیرملکی ملازمین اور محنت کشوں کو نکالا جا رہا ہے-