مسئلہ کشمیر کے حل میں امریکی ثالثی کو ہندوستان نے مسترد کر دیا
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i278062-مسئلہ_کشمیر_کے_حل_میں_امریکی_ثالثی_کو_ہندوستان_نے_مسترد_کر_دیا
ہندوستان کی وزارت خارجہ نے مسئلہ کشمیر میں امریکہ کی ثالثی کو مسترد کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے ساتھ اختلافات کے خاتمے کے بارے میں نئی دہلی کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Apr ۰۵, ۲۰۱۷ ۱۰:۴۳ Asia/Tehran
  • مسئلہ کشمیر کے حل میں امریکی ثالثی کو ہندوستان نے مسترد کر دیا

ہندوستان کی وزارت خارجہ نے مسئلہ کشمیر میں امریکہ کی ثالثی کو مسترد کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے ساتھ اختلافات کے خاتمے کے بارے میں نئی دہلی کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے ساتھ پائے جانے والے اختلافات کے حل کے لئے ہمیشہ ہی کسی تیسرے فریق کی ثالثی کی مخالفت کی ہے اور اس کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر، پاکستان کے ساتھ اس کا دو طرفہ معاملہ ہے۔

اس سے قبل ہندوستان نے مسئلہ کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کے سابق سیکریٹری جنرل بان کی مون کی ثالثی کی تجویز کو بھی مسترد کر دیا تھا۔ ہندوستان کی وزارت خارجہ کے بیان میں توقع ظاہر کی گئی ہے کہ عالمی ادارے، دہشت گردی کے خلاف مہم کے بارے میں بین الاقوامی قوانین پر عمل کریں گے اس لئے دہشت گردی، عالمی امن و استحکام کے لئے خطرہ بنی ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ چند ماہ قبل ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں فوجی مرکز پر ہونے والے حملے کے بعد سے پاکستان کے ساتھ اس کی کشیدگی میں خاصا اضافہ ہوا ہے۔ اوری میں ہندوستان کے فوجی مرکز پر ہونے والے حملے میں ہندوستان کے انّیس فوجی ہلاک ہو گئے تھے اور اس وقت سے ہی ہندوستان کی جانب سے پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں مسلح گروہوں کے خلاف انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ تیز ہو گیا ہے۔