پاکستانی فوج کی کارکردگی پر تنقید ہندوستان کی تنقید
ہندوستان کے وزیر دفاع ارون جیٹلی نے پاکستانی فوج کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی فوج کے عناصر اور افسران کو آسانی سے خریدا جا سکتا ہے۔ دوسری جانب پاکستان کے ارکان قومی اسمبلی اور اہم سیاسی شخصیات نے پاکستانی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جلد سے جلد سعودی عرب کے خود ساختہ فوجی اتحاد سے باہر نکل جائے-
ہندوستان کے وزیر دفاع ارون جیٹلی نے کہا ہے کہ پاکستانی فوج کے سابق سربراہ راحیل شریف جیسے پاکستانی افسروں کو خریدنا کوئی مشکل کام نہیں ہے اسی لئے ہندوستان بھی، پیسے دے کر پاکستانی فوج کے عناصر کو خریدنے کے لئے تیار ہے-
تسنیم نیوز ایجنسی نے ہندوستان ٹائمز کے حوالے سے خبر دی ہے کہ ہندوستانی وزیر دفاع ارون جیٹلی نے پاکستانی فوج کے بارے میں کہا کہ راحیل شریف نے، جو خود کو ناقابل شکست اور پاکستانی فوج کا سب سے طاقتور کمانڈر سمجھتے تھے، سعودی عرب کے ڈالروں کے عوض اپنے ملک کو چھوڑ دیا اور اب وہ آل سعود کی خدمت کر رہے ہیں-
ارون جیٹلی کا کہنا تھا کہ امریکی سیاستداں یہ سمجھتے ہیں کہ پاکستانی فوج کو آسانی کے ساتھ خریدا اور اس کے اندر اثر و رسوخ پیدا کیا جا سکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ یمن کے خلاف سعودی عرب کی جنگ میں پاکستانی فوجی، جنگی ڈھال بنے ہوئے ہیں اور مارے جا رہے ہیں-
واضح رہے کہ سعودی عرب کے خودساختہ فوجی اتحاد کی کمان سنبھالنے کے پاکستانی فوج کے سابق سربراہ راحیل شریف کے فیصلے کے بعد سے پاکستان میں مختلف سطح پر حکومت اور جنرل راحیل شریف کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے-
اس درمیان پاکستان کے متعدد ارکان پارلیمان اور اہم سیاسی اور مذہبی شخصیات نے حکومت پاکستان سے کہا ہے کہ وہ یمن کے خلاف سعودی عرب کے خود ساختہ فوجی اتحاد سے باہر نکل جائے-
پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی شیریں مزاری نے کہا ہے کہ پاکستان کو چاہئے وہ جلد سے جلد سعودی عرب کے خود ساختہ فوجی اتحاد سے نکل جائے بصورت دیگر پاکستان کو بے شمار مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا-
پاکستان سنی اتحاد کے سربراہ حامد رضا نے بھی کہا ہے کہ سعودی عرب کے خود ساختہ فوجی اتحاد میں پاکستان کی شمولیت کا فیصلہ پاکستان کے پچہّتر فیصد عوام کی مرضی کے برخلاف ہے-