دہشتگردی اور مذاکرات ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے
ہندوستان کا کہنا ہے کہ دہشتگردی اور مذاکرات ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔
ہندوستان کی وزیر خارجہ سشما سوراج نے راجیہ سبھا میں ہندوستان کی خارجہ پالیسی اور اسٹریٹجک شراکت داروں کے ساتھ تعلقات کے موضوع پر بحث کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ڈوكلام معاملے پر چین کے ساتھ بات چیت چل رہی ہے اور حکومت سفارتی سطح پر بات چیت جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان صرف ڈوكلام ہی نہیں بلکہ چین کے ساتھ تمام دوطرفہ معاملات پر تفصیل سے بات کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سے تعلقات بہتر بنانے کی بہت کوششیں کیں، جامع مذاکرات کی بات ہوئی، خارجہ سیکریٹریز ملاقات بھی ہوئی، وزیراعظم مودی تو لاہور بھی گئےلیکن بات وہاں سے خراب ہوئی جب پٹھان کوٹ کا واقعہ ہوا اور نواز شریف نے برہان وانی کی تعریفیں کیں ۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے پاکستان کے ساتھ امن میں پہل کی لیکن دوسری جانب سے ہمیں جواب نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی اور مذاکرات ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے اس لئے دہشتگردی اور بات چیت ایک ساتھ نہیں ہوسکتے۔