ہندوستان، ریلوے اسٹیشن پل پر بھگدڑ، 27 جاں بحق، 50 زخمی
ممبئی کے ایلفسٹن ریلوے اسٹیشن برج پر بھگدڑ سے اب تک 27 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔
ہندوستان کے شہر ممبئی ایلفسٹن روڈ اسٹیشن کے فٹ اوور برج پر آج صبح بھگدڑ میں کم از کم 27 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ ہلاکتوں میں اضافے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو بی ایم سی اور کے ای ایم اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ موسلادھار بارش کی وجہ سے افرا تفری مچ گئی اور بھگدڑ کے نتیجے میں یہ حادثہ پیش آیا۔ یہ حادثہ ایلفسٹن روڈ پر اس جگہ پیش آیا جہاں کافی پرانا پل ہے۔ جو مغربی اور وسطی ریلوے کو ایک دوسرے سے جوڑتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ایلفسٹن ریلوے اسٹیشن پر عام طورپر کافی بھیڑ رہتی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس برج سے ہر منٹ میں 200 سے 250 لوگ گزرتے ہیں اورپل کے پاس کئی بڑے دفاتر بھی ہیں ۔