اترپردیش میں سخت سیکورٹی میں بلدیاتی انتخابات
ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کے پارلیمانی حلقوں میں پولنگ ہونے کی وجہ سے دوسرا مرحلہ برسراقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لئے انتہائی اہم ہے. اسی طرح ملائم سنگھ یادو کے آبائی شہر اٹاوہ میں ووٹنگ ہونے کی وجہ سے ایس پی کے لیے بھی یہ مرحلہ کافی معنی رکھتا ہے۔
اترپردیش میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کے پارلیمانی حلقوں اور سماج وادی پارٹی (ایس پی) بانی ملائم سنگھ یادو کے آبائی شہر اٹاوہ سمیت 25 اضلاع میں سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان صبح ساڑھے سات بجے سے پولنگ شروع ہو گئی جوشام پانچ بجے تک جاری رہے گی۔ شہر کارپوریشنز کے انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ میونسپلٹی کونسل اور نگر پنچایت کا الیکشن ووٹ کے ذریعے کیا جا رہا ہے۔ بیشتر پولنگ مراکز پر صبح سے ہی ووٹروں کی قطاریں لگنی شروع ہو گئی تھیں۔
بلدیاتی انتخابات کے اس مرحلے میں 25 اضلاع کے چھے شہر کارپوریشنز، 51 شہر پالیکاؤں اور 132 شہر پنچایتوں میں پولنگ ہو رہی ہے. اس میں مجموعی طور پر 189باڈیز کے 3601 وارڈوں میں 13777 پولنگ مراکز ہیں۔ اس مرحلے میں تقریبا ایک کروڑ 29 ہزار ووٹر زہیں۔ اس میں چھ میئر کے عہدے کے لئے 42 خواتین سمیت 83 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ہونا ہے. 51 نگرپالیکاؤں کے صدر کے عہدے کے لئے 638 امیدوار میدان میں ہیں۔
دوسرے مرحلہ میں مظفرنگر، غازی آباد، گوتم بدھ نگر، امروہہ، رام پور، پیلی بھیت، شاہ جہاں پور، علی گڑھ، متھرا، مین پوری، فرخ آباد، اٹاوہ، للت پور، باندہ، الہ آباد، لکھنؤ، سلطان پور، امبیڈکر نگر، بہرائچ، شراوستی، سنت کبیرنگر، دیوریا، بلیا ، وارانسی اور بھدوہی میں پولنگ ہو رہی ہے۔ ریاست الیکشن کمشنر ایس کے اگروال نے بتایا کہ سیکورٹی کے پیش نظر نگرانی سی سی ٹی وی کیمرے سے کی جا رہی ہے.
لا اینڈ آرڈر کو چاق و چوبند رکھنے کی ذمہ داری 80 ہزار سکیورٹی کے جوانوں پر ہے، جن میں مرکزی ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی 40 کمپنیاں بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں پانچ میئر سیٹوں کے ساتھ 24 اضلاع میں بدھ کو ہونے والی ووٹنگ میں 52.68 فیصد لوگوں نے اپنی حق رائے دہی کا استعمال کیا تھا۔