ہندوستان: سابق سینیئر کانگریسی لیڈر سجن کمار کا انتقال ہوگیا
دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق کانگریس کے سابق رکن پارلیمان اور سینیئر لیڈر سجن کمار کا جمعرات کو انتقال ہو گیا۔ ان کی عمر80 سال تھی۔
سحرنیوز/ہندوستان: اے این آئی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سجن کمار کو دہلی کے صفدر جنگ اسپتال میں بے ہوشی کی حالت میں لایا گیا تھا، جہاں ڈاکٹروں نے انھیں مردہ قرار دے دیا۔ یہ پتہ نہیں چل سکا ہے کہ انھیں کیا ہوا تھا اور اچانک اسپتال لے جانے کی ضرورت کیوں پڑی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انھیں طبیعت کی خرابی کی وجہ سے صفدر جنگ اسپتال لایا گیا تھا لیکن اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی ان کا انتقال ہو گیا۔ حالانکہ اس سلسلے میں فی الحال کوئی آفیشیل جانکاری نہیں ملی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ سجن کمار 1984 کے سکھ مخالف فسادات کے 2 معاملوں میں قصوروار ٹھہرائے جانے کے بعد دہلی کی تہاڑ جیل میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے تھے۔ دہلی ہائی کورٹ نے 17 دسمبر 2018 کو انھیں عمر قید کی سزا سنائی تھی۔
ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد سجن کمار نے کانگریس کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا اور دہلی کی تہاڑ جیل میں خودسپردگی کی جہاں وہ اپنی موت تک سزا کاٹتے رہے۔
سجن کمار 1980 کے لوک سبھا انتخابات میں بیرونی دہلی سیٹ سے تجربہ کار لیڈر چودھری برہم پرکاش کو شکست دے کر پہلی بار پارلیمنٹ میں داخل ہوئے۔ اس کے بعد انہوں نے 1991 اور 2004 میں اسی سیٹ پر بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کی۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel