اترپردیش میں بلدیاتی انتخابات کے آخری مرحلے کے لئے ووٹنگ
ہندوستان میں کانگریس پارٹی کی صدر سونیا گاندھی کے پارلیمانی حلقہ رائے بریلی سمیت اترپردیش کے 26 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے آخری اور تیسرے دور کی پولنگ سخت سیکورٹی انتظامات کے درمیان آج صبح ساڑھے سات بجے شروع ہو گئی جو شام پانچ بجے تک جاری رہے گی۔
صبح سے ہی پولنگ مراکز پر چہل پہل شروع ہو گئی تھی۔ کچھ پولنگ مراکز پر ووٹروں کی لمبی قطاریں دیکھی گئیں۔ تاہم، کچھ پراکا دکا ووٹر ہی دکھائی دے رہے تھے۔
ووٹنگ کے دوران لا اینڈ آرڈر کو بر قرار رکھنے کی ذمہ داری 80 ہزار سکیورٹی اہلکاروں پر ہے جن میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی 40 کمپنیاں بھی شامل ہیں۔
آخری مرحلے میں پانچ شہر کارپوریشنز سہارنپور، مرادآباد، بریلی، فیروز آباد اور جھانسی میں ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی کل 233 اداروں کے 4299 وارڈوں کے لئے پولنگ بھی ہو رہی ہے۔
تینوں مراحل میں انتخابات ختم ہو جانے کے بعد یکم دسمبر کو ووٹوں کی گنتی ہوگی. امید کی جا رہی ہے کہ اسی دن تمام نتائج حاصل ہو جائیں گے۔