جاسوسی کرنے کے الزام میں ہندوستانی کیپٹن گرفتار
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i313605-جاسوسی_کرنے_کے_الزام_میں_ہندوستانی_کیپٹن_گرفتار
ہندوستانی میڈیا کے مطابق نئی دہلی پولیس نے انڈین ایئرفورس کے گروپ کیپٹن ارون مرواہا کو حراست میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Feb ۱۰, ۲۰۱۸ ۰۸:۲۴ Asia/Tehran
  • جاسوسی کرنے کے الزام میں ہندوستانی کیپٹن گرفتار

ہندوستانی میڈیا کے مطابق نئی دہلی پولیس نے انڈین ایئرفورس کے گروپ کیپٹن ارون مرواہا کو حراست میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔

ہندوستانی پولیس نے پاکستان کے انٹیلی جنس ادارے آئی ایس آئی کےلیے مبینہ طور پر جاسوسی کرنے اور اسے انتہائی خفیہ معلومات فراہم کرنے کے الزام میں ہندوستانی فضائیہ کے ایک گروپ کیپٹن کو حراست میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔

پولیس افسران نے ان پر پاکستان کے انٹیلی جنس ادارے آئی ایس آئی کو انتہائی خفیہ دستاویزات اور دیگر حساس معلومات فراہم کرنے کا الزام لگایا ہے۔ ارون مرواہا بھارتی فضائیہ کے ہیڈکوارٹر میں پیرا آپریشن کے ڈائریکٹر تھے۔

ڈپٹی کمشنر پولیس پرمود خوشوا نے 51 سالہ ارون مرواہا کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملزم اپنے اسمارٹ فون کے ذریعے ایئرفورس ہیڈ کوارٹرز میں ہونے والی مشقوں سے متعلق دستاویزات کی تصاویر اتار کر واٹس ایپ کے ذریعے بھجوا رہا تھا۔

ہندوستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ گروپ کیپٹن ارون مرواہا گزشتہ برس پابندی کے باوجود ایئرفورس ہیڈ کوارٹرز میں اسمارٹ فون لاتے ہوئے پایا گیا جس کے بعد فضائیہ کی سینٹرل سیکیورٹی اینڈ انویسٹی گیشن ٹیم نے اس کی نگرانی شروع کردی۔ اس کے علاوہ اس کی آن لائن سرگرمیوں پر بھی نظر رکھی گئی، جس کے بعد انڈین ایئرفورس نے اسے 31 جنوری کو مشکوک حرکتوں پر حراست میں لے لیا۔ نئی دلی کی ایک ماتحت عدالت نے ملزم کو ریمانڈ پر پولیس تحویل میں دے دیا ہے۔