ہندوستان: جموں و کشمیر میں صدر راج کا نفاذ
ہندوستان کے زیرانتظام ریاست جموں و کشمیر میں گورنر راج ختم کر کے صدر راج نافذ کر دیا گیا۔
سری نگر سے ہمارے نمائندے نے خبر دی ہے کہ ہندوستان کے زیرانتظام ریاست و جموں کشمیر میں بائیس سال بعد ایک بار پھر صدر راج نافذ کر دیا گیا-
ریاستی گورنر کی رپورٹ پر ہندوستان کی مرکزی حکومت نے پیر کو ہی صدر راج کے نفاذ کی سفارش کر دی تھی جس کے بعد بدھ کو ہندوستان کے صدر رام ناتھ کووند نے دستخط کر کے جموں و کشمیر میں گورنر راج ختم اور صدر راج نافذ کر دیا-
ریاست میں گورنرراج کی مدت انیس دسمبر کو ختم ہونی تھی- اس سے پہلے انیس سو بانوے سے انیس سو چھیانوے تک ریاست جموں و کشمیر میں صدر راج نافذ تھا- صدر راج کے نفاذ کے بعد ریاست سے متعلق قانون سازی کا اختیار پارلیمنٹ کے پاس ہو گا اور ریاستی بجٹ بھی پارلیمنٹ سے پاس ہو گا-
یاد رہے کہ گذشتہ جون میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے محبوبہ مفتی کی پی ڈی پی حکومت سے اپنی حمایت واپس لے لی تھی جس کے بعد ریاستی حکومت گر گئی تھی تاہم نومبر میں کانگریس اور نیشنل کانفرنس کی حمایت سے پی ڈی پی نے دوبارہ حکومت بنانے کی کوشش کی لیکن گورنر نے ایک مضبوط حکومت نہ بن پانے کا بہانہ بناتے ہوئے ریاست میں گورنر راج نافذ کر دیا-
گورنر کے اس فیصلے پر ریاست کی بیشتر سیاسی جماعتوں نے شدید ناراضگی کا اظہار کیا تھا-