ایرانی پائلٹوں کی صورت حال واضح کی جائے: قطر سے ایران کا مطالبہ
https://urdu.sahartv.ir/news/iran-i455296-ایرانی_پائلٹوں_کی_صورت_حال_واضح_کی_جائے_قطر_سے_ایران_کا_مطالبہ
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ قطر سے ایران کا مطالبہ ہے کہ تین ایرانی پائلٹوں کی صورت حال واضح کی جائے۔
(last modified 2026-08-17T09:14:16+00:00 )
Aug ۱۷, ۲۰۲۶ ۱۲:۴۴ Asia/Tehran
  • ایرانی پائلٹوں کی صورت حال واضح کی جائے: قطر سے ایران کا مطالبہ

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ قطر سے ایران کا مطالبہ ہے کہ تین ایرانی پائلٹوں کی صورت حال واضح کی جائے۔

سحرنیوز/ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے آج پیر17 اگست کو اپنی ہفتے وار پریس کانفرنس میں کہا کہ تہران، اپنے تین پائلٹوں کی صورت حال معلوم کرنے کے لئے سبھی دوجانبہ، کثیر فریقی اور قانونی راستوں سے کام لے گا۔

انھوں نے اس سلسلے میں ارنا کے نامہ نگار کے سوال کے جواب میں کہا کہ ہم قطر سے اپنے پائلٹوں کے بارے میں صحیح اطلاعات کا مطالبہ کررہے ہیں اور اس سلسلے میں ہماری کوششیں دوحہ کے ساتھ ہمارے روابط کے منافی نہيں ہیں۔

اسماعیل بقائی نے کہا کہ ہمارے چار پائلٹ گزشتہ 2 مارچ کو ایک دفاعی مشن پر گئے تھے۔ ان کا ہدف اور نشانہ وہ جگہ تھی جہاں سے امریکہ نے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف فوجی جارحیت کی تھی۔

ترجمان وزارت خارجہ نے بتایا کہ ہم نے حکومت قطر سے سنجیدگی کے ساتھ غیر مبہم اور واضح مطالبہ کیا ہے کہ ان میں سے  تین پائلٹوں کے بارے میں ہمیں صحیح صحیح اطلاعات دی جائيں کہ وہ کس حال میں ہیں۔  

انھوں نے وضاحت کی کہ 16 یا 17 مارچ کو ایرانی وزارت خارجہ نے اس سلسلے میں پہلا مکتوب ریڈکراس کو بھیجا۔

اسماعیل بقائی نے بتایا کہ اس سلسلے میں ہم نے شروع دن سے ہی دوحہ میں اپنے سفارت خانے اور تہران میں قطر کے سفارت خانے کے ذریعے پیروی شروع کردی تھی اور قطری عہدیداروں کے ساتھ ہرمیٹنگ میں ہم نے اپنے اس مطالبے پر زور دیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہم اپنے اس شہید پائلٹ کو، درود و سلام کے ساتھ، خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جس کا جسد پاک وطن واپس آیا اور آپ کو یہ بتانا چاہتے ہیں کہ ہم نے شروع دن سے ہی اپنے چاروں پائلٹوں کی صورت حال معلوم کرنے کی کوشش کی ہے جو اس مرکز کو نشانہ بنانے کے لئے، جہاں سے امریکہ نے ایران پر حملہ کیا تھا، دفاعی فضائی مشن پر گئے تھے۔  

ہمیں فالو کریں:

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channel