ہندوستان، چوتھے مرحلے کی انتخابی مہم ختم، 961 امیدوار میدان میں
ہندوستان کی9 ریاستوں کی 72 نشستوں اور اڈیشہ اسمبلی کی 42 نشستوں کے لئے کل پیر کے روز پولنگ ہوگی۔
ہندوستان کی پارلیمنٹ لوک سبھا انتخابات کے چوتھے مرحلے میں 29 اپریل کو ہونے والی پولنگ کے لئے انتخابی مہم ہفتے کی شام پانچ بجے ختم ہوگئی۔ اسی کے ساتھ ہی اڈیشہ اسمبلی انتخابات کے چوتھے اور آخری مرحلے کی انتخابی مہم کا شور بھی تھم گیا۔ جموں و کشمیر کی اننت ناگ سیٹ سمیت نو ریاستوں کی 72 نشستوں اور اڈیشہ اسمبلی کی 42 نشستوں کے لئے پیر کے روز پولنگ ہوگی۔ سیکورٹی وجوہات کی بنا پر اننت ناگ سیٹ پر تین حصوں میں پولنگ ہو رہی ہے ۔ اس سیٹ کے ایک حصے میں تیسرے مرحلے کے تحت ووٹ ڈالے جا چکے ہیں جبکہ چوتھے اور پانچویں مرحلے میں دیگر دو حصوں میں ووٹنگ ہونی ہے ۔
لوک سبھا انتخابات کے چوتھے مرحلے میں 961 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ہونا ہے ۔ ایک لاکھ 40 ہزار 849 پولنگ مراکز پر 127958477 ووٹر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرسکیں گے ۔ ان میں 67322777 مرد، 60631574 خواتین اور 4126 تیسری صنف کے افراد شامل ہیں۔
اس مرحلے میں مہاراشٹر کی 17، راجستھان اور اتر پردیش کی 13۔13، مغربی بنگال کی آٹھ، اڈیشہ اور مدھیہ پردیش کی چھ چھ، بہار کی پانچ اور جھارکھنڈ کی تین سیٹوں پر ووٹنگ ہونی ہے جبکہ اننت ناگ سیٹ کے تحت پلوامہ ضلع میں ووٹ ڈالے جائیں گے ۔اس کے ساتھ ہی مہاراشٹر کی تمام 48 اور اڈیشہ کی تمام 21 لوک سبھا سیٹوں پر انتخاب مکمل ہو جائے گا جبکہ راجستھان، مدھیہ پردیش اور جھارکھنڈ میں پیر کے روز پولنگ کا پہلا مرحلہ ہوگا۔