ہندوستان میں ڈاکٹروں کی ہڑتال
کولکتہ میں ایک مریض کی موت کے بعد جونئیر ڈاکٹروں پر حملے کے خلاف ہندوستان کی ریاست مغربی بنگال سمیت اس ملک کی مختلف ریاستوں میں جمعے کو چوتھے دن بھی جونئیر ڈاکٹروں کی ہڑتال جاری رہی۔
ریاست مغربی بنگال میں خاص طورپر اور ملک کے دیگر علاقوں میں عام طور پر جونئیرڈاکٹروں کی ہڑتال کی وجہ سے اسپتالوں میں صورت حال اور خراب ہوتی جا رہی ہے-
دوسری جانب کولکتہ کے تقریبا ستّر ڈاکٹروں نے وزیراعلی ممتا بنرجی سے غیر مشروط معافی کا مطالبہ کرتے ہوئے اپنا استعفا سونپ دیا ہے-
اس سے پہلے ممتا بنرجی نے ہڑتال پر بیٹھے ڈاکٹروں کے خلاف سخت کارروائی کی دھمکی دی تھی جس کی وجہ سے ڈاکٹروں میں ناراضگی اور زیادہ بڑھ گئی- کولکتہ کے جونئیر ڈاکٹروں کی ہڑتال کو ملک گیر سطح پر حمایت مل رہی ہے-
دوسری جانب انڈین میڈیکل ایسو سی ایشن آئی ایم اے نے جمعے کو اعلان کیا ہے کہ سترہ جون کو پورے ملک میں ڈاکٹروں کی ہڑتال ہو گی- ڈاکٹروں کا مطالبہ ہے کہ اسپتالوں میں ڈاکٹروں کی سیکورٹی کو یقینی بنایا جائے-
اس درمیان جمعے کو کولکتہ میں تین دن کے ایک نوزائیدہ بچے کو بروقت وینٹی لیٹر نہ ملنے کی وجہ سے اس کی موت واقع ہو گئی- دہلی میں بھی ڈاکٹروں نے جمعے کو احتجاجی مظاہرہ کیا-