Dec ۰۴, ۲۰۱۹ ۱۴:۴۵ Asia/Tehran
  • پی چدمبرم کی درخواست ضمانت منظور

ہندوستانی سپریم کورٹ نے سابق وزیر خزانہ کی آئی این ایکس میڈیا کیس میں ضمانت منظور کرلی ہے۔

نئی دہلی سے ہندوستانی خبررساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق سپریم کورٹ آف انڈیا نے سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم کی ضمانت پر رہائی کا حکم دے دیا ہے۔ہندوستان کے سابق وزیر خزانہ اور کانگریس پارٹی کے مرکزی رہنما پی چدمبرم آئی این ایکس میڈیا میں منی لانڈرنگ سے منسلک آئی ڈی کے قائم کردہ مقدمے میں تین مہینے سے زا‏ئد عرصے سے دہلی کی تہاڑ جیل میں بند ہیں۔ سپریم کورٹ آف انڈیا کے تین رکنی بینچ نے بدھ کو ان کی ضمانت کی درخواست منظور کرتے ہوئے، رہائی کاحکم صادر کردیا ہے ۔ عدالت نے حکم دیا ہے کہ سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم کو دو لاکھ روپے کی ضمانت کی رقم اور اتنی ہی رقم کے دو مچلکے جمع کرواکے جیل سے رہا کردیا جائے۔ہندوستانی سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ مسٹر پی چدمبرم عدالت کی اجازت کے بغیر ملک سے باہر نہیں جائیں گے، نہ کسی گواہ سے بات کریں گے اور نہ ہی اس معاملے میں کوئی بیان یا انٹرویو دیں گے ۔سپریم کورٹ کے اس حکم کے بعد سینیئرکانگریسی رہنما اور سابق وزیر خزانہ کی ایک سو چھے دن بعد رہائی کا راستہ صاف ہوگیا ہے۔کانگریس پارٹی نے مسٹر پی چدمبرم کے خلاف آئی این ایکس میڈیا منٹی لانڈرنگ کیس کو مسٹر پی چدمبر کے خلاف مرکز کی بی جے پی حکومت کی انتقامی کارروائی قرار دیا ہے۔