یورپی ائمہ جماعت کا دورہ مقبوضہ فلسطین، مصر کے جامعۃ الازہر کی سخت مذمت
مصر کے جامعۃ الازہر نے گزشتہ دنوں مقبوضہ فلسطین کا دورہ کر کے صیہونی ٹولے کے صدر سے ملاقات کرنے والے بعض یورپی علما پر کڑی نکتہ چینی کی ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: جامعۃ الازہر نے اپنے جاری کردہ بیان میں یورپی ائمہ جماعت کے زیر عنوان مقبوضہ فلسطین کا دورہ کرنے اور پھر صیہونی صدر اسحاق ہرتزوگ سے ملاقات کرنے والوں کو ایک منحرف گروہ قرار دیا اور کہا کہ یہ لوگ اسلام اور مسلمانوں کے نمائندے نہیں تھے۔ فیس بک پر پوسٹ کردہ اپنے بیان میں، الازہر نے کہا کہ ان نام نہاد اماموں نے مقبوضہ فلسطین کا سفر کرکے بیس ماہ سے جاری بے گناہ فلسطینی عوام کی نسل کشی، مسلسل قتل و غارت اور ان کے مصائب و آلام پر اپنی آنکھیں بند کر لیں۔
الازہر نے مزید کہا کہ وہ اس سفر کی شدید مذمت کرتا ہے، سفر کرنے والوں کی بصارت اور بصیرت اندھی ہے، فلسطینی عوام کے دکھ درد کے بارے میں ان کے جذبات و احساسات بے حسی کا شکار ہیں، گویا کہ اِن لوگوں کا فلسطینی عوام کے ساتھ کسی قسم کا کوئی انسانی، مذہبی یا اخلاقی رشتہ ہی نہیں ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ پیر کو صیہونی ٹولے کے صدر اسحاق ہرتزوک کے دفتر نے ایک بیان جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ انہوں نے فرانس، بیلجیئم، ہالینڈ، اٹلی اور برطانیہ کے کچھ ائمہ اور مسلمانوں کے قائدین سے ملاقات کی ہے۔ اس ملاقات کی ویڈیو وائرل ہو جانے کے بعد مسلم سوشل میڈیا صارفین نے سخت برہمی کا اظہار کیا تھا جبکہ بعض نے انہیں امت اسلامیہ کا غدار قرار دیا تھا۔