ہندوستان: شہریت ترمیمی قانون کے خلاف خواتین کا دھرنا جاری
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i359935-ہندوستان_شہریت_ترمیمی_قانون_کے_خلاف_خواتین_کا_دھرنا_جاری
شدید سردی کے موسم میں مسلسل 16 دنوں سے سریتا وہار کالندی کنج روڈ پر دھرنا دینے والی جامعہ نگر، شاہین باغ اور دہلی کے مختلف علاقوں کی خواتین کا کہنا ہے کہ رات و دن کا یہ مظاہرہ اس وقت تک جاری رہے گا ، جب تک کہ حکومت شہریت ترمیمی قانون واپس نہیں لے لیتی ۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jan ۰۲, ۲۰۲۰ ۰۴:۵۸ Asia/Tehran
  • ہندوستان: شہریت ترمیمی قانون کے خلاف خواتین کا دھرنا جاری

شدید سردی کے موسم میں مسلسل 16 دنوں سے سریتا وہار کالندی کنج روڈ پر دھرنا دینے والی جامعہ نگر، شاہین باغ اور دہلی کے مختلف علاقوں کی خواتین کا کہنا ہے کہ رات و دن کا یہ مظاہرہ اس وقت تک جاری رہے گا ، جب تک کہ حکومت شہریت ترمیمی قانون واپس نہیں لے لیتی ۔

دھرنا دینے والی خواتین کا کہنا تھا کہ یہ مظاہرہ کسی فرقہ کے حق کے لئے نہیں کیا جا رہا ہے بلکہ ہم آئین کی حفاظت کے لئے سردی کی سخت ترین راتوں میں مظاہرہ کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ملک آئین سے چلتا ہے اور جب آئین ہی نہیں بچے گا ، تو ملک کیسے بچے گا ۔ انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ اس مظاہرہ میں ہر طبقے کی خواتین شامل ہورہی ہیں اور مردوں کا بھی بھرپور تعاون حاصل ہے اور وہ بھی مظاہرہ میں شامل ہورہے ہیں ۔ مظاہرین نے کہا کہ اس میں صرف جامعہ نگر، شاہین باغ کی خواتین ہی نہیں بلکہ پوری دہلی کی خواتین شرکت کر رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح جامعہ ملیہ اسلامیہ اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اور اترپردیش میں مظاہرین پر بربریت کا مظاہرہ کیا گیا ، اس نے ہمارے ضمیر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ۔

شاہین باغ میں خواتین مظاہرین کی حمایت کرتے ہوئے سوراج ابھیان کے صدر یوگیندریادو نے خواتین کے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے خواتین کے جذبے کو سلام کیا اورکہا کہ خواتین آئین کی حفاظت کے لئے اس سخت سردی کے موسم میں آرام و آسائش کو چھوڑ کر دن رات کا دھرنا دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کا یہ جذبہ پورے ملک کے لئے ایک مثال ہے۔ انہوں نے کہاکہ آج کا وقت ملک کو بچانے کا ہے اور میں بھی آپ لوگوں کے درمیان ہندوستان کو اور اس کے آئین کو بچانے کے لئے آیا ہوں۔

واضح رہے کہ 15 دسمبر کو جامعہ ملیہ اسلامیہ اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں پولیس کی کارروائی کے خلاف اور شہریت ترمیمی قانون ، این آر سی، این آر پی کے خلاف جامعہ نگر اور شاہین باغ کی خواتین مسلسل 16 دسمبر سے کالندی کنج اور سریتا وہار روڈ پر اس کڑاکے کی ٹھنڈک اور سرد ترین راتوں میں مسلسل دھرنا دے رہی ہیں، جس میں دہلی کی مختلف جگہوں کی ہندو، مسلم، سکھ عیسائی خواتین شامل ہیں اور وہ خواتین ملکی حالات، پولیس کی بربریت کے خلاف اپنے آنچل کو پرچم بنانا بخوبی جانتی ہیں۔