دہلی کے اسمبلی انتخابات میں ووٹنگ
دہلی کے اسمبلی انتخابات میں آج ووٹ ڈالے جارہے ہیں اور تقریبا سبھی اہم شخصیات نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا اور لوگوں سے بھی ووٹ ڈالنے کی اپیل کی
دہلی کے اسمبلی انتخابات میں ووٹنگ مقامی وقت کے مطابق شام چھے بجے تک جاری رہے گی - ہندوستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ دوہزار پندرہ کے مقابلے میں اس بار ووٹنگ کا تناسب کم رہا - اس بار دہلی کے اسمبلی انتخابات میں اصل مقابلہ عام آدمی پارٹی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے درمیان ہے جبکہ کانگریس بھی ایک مضبوط حریف کے طور پر الیکشن میں اتری ہے - سبھی اہم سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور اعلی حکام نے اپنے حق رائے دہلی کا استعمال کیا اور لوگوں سے بھی ووٹ ڈالنے کی اپیل کی - اس درمیان عام آدمی پارٹی ، بھارتیہ جنتا پارٹی اور کانگریس تینوں نے اپنی اپنی کامیابی کے دعوے کئے ہیں - عام آدمی پارٹی نے گذشتہ پانچ برسوں کی اپنی کارکردگی پر ووٹ مانگا ہے جبکہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے سی اے اے اور این آر سی کے خلاف شاہین باغ میں جاری دھرنے کو اپنا اہم انتخابی موضوع بنایا ہے - انتخابی مہم کے دوران عام آدمی پارٹی اور بھارتیہ جنتا پارٹی نے اپنی پوری قوت صرف کردی ہے - دہلی اسمبلی الیکشن کے نتائج کا اعلان گیارہ فروری کو کیا جائے گا ۔