عام آدمی پارٹی کی غیر معمولی فتح
دہلی میں ایک بار پھر اروند کیجریوال کی قیادت میں عام آدمی پارٹی غیر معمولی فتح کی جانب آگے بڑھ چکی ہے
دہلی سے موصولہ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ اب تک سامنے آنے والے نتائج اور رجحانوں میں کیجری وال کی عام آدمی پارٹی کو سترنشستوں والی دہلی اسمبلی میں ترسٹھ نشستوں پر یا تو جیت حاصل ہوئی ہے یا وہ آگے چل رہی ہے جبکہ بھارتیہ جنتا پارٹی صرف سات سیٹیوں تک ہی سمٹ گئی ہے اس درمیان کانگریس ایک بار پھر پوری طرح ناکام رہی اور اس کو ایک بھی سیٹ نہیں مل سکی ۔ عام آدمی پارٹی کے دفتر کے سامنے اس وقت جشن کا سماں ہے۔ لوگ ہندوستان کا ترنگا اور عام آدمی کے پرچم ہاتھوں میں لئے ناچتے اور تھرکتے نظر آ رہے ہیں ۔ اسی کے ساتھ دہلی کے اکثر علاقوں میں لوگ میٹھائیاں تقسیم کرکے عام آدمی پارٹی کی جیت کی خوشیاں منا رہے ہیں ۔بہت سے لوگ یہ بھی کہتے نظر آئے کہ دہلی کے عوام نے عام آدمی پارٹی کے پانچ سالہ کاموں کو سراہا اور نفرت و فرقہ واریت کو مسترد کردیا ہے۔ دہلی کے وزیراعلی اور عام آدمی پارٹی کے کنوینراروند کیجری وال نے اس موقع پر اپنے ایک خطاب میں دہلی کے باشندوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ دہلی اور پورے ہندوستان کی جیت ہے انہوں نے کہا کہ دہلی اسمبلی کے انتخابی نتائج سے پورے ملک کو ایک خاص پیغام گیا ہے اور یہی سیاست اکیسویں صدی میں ہندوستان کو آگے بڑھائے گی - اروند کیجری وال نے کہا کہ وہ دہلی کی ترقی کے لئے ہروہ کام کریں گے جو ان سے ممکن ہوگا۔