دہلی کے فساد زدہ علاقوں میں حالات معمول پر لوٹتے ہوئے
ہندوستان کے قومی دارالحکومت دہلی میں فسادات کے بعد اب حالات بتدریج معمول پر لوٹ رہے ہیں
دہلی پولیس کا کہنا ہے کہ گذشتہ تین روز سے کسی بلوے یا ناخوشگوار واقعے کی اطلاع نہیں ملی ہے تاہم دہلی کے ہی علاقے لونی میں کچھ لوگوں نے ایک بزرگ شخص کا نام پوچھنے کے بعد ان کو ہلاک کردیا - دہلی میں فسادات سے متاثرہ علاقوں میں پولیس اور پیرا ملیٹری فورس کے جوانوں کا گشت جاری ہے ۔ دہلی فسادات کے معاملے پر چھے سو تیس سے زائد لوگ گرفتار کئے گئے ہیں جبکہ ایک سو سے زائد ایف آئی آر در ج کی گئی ہے ۔ سنیچر کو سڑکوں پر ٹریفک بھی نظر آیا اور لوگوں نے اپنی دوکانیں بھی کھولنا شروع کردی ہیں - اس درمیان فسادات میں جن کے گھر اجڑ گئے ہیں ان کے لئے اپنے آپ کو سنبھالنا کافی مشکل ہورہا ہے - اسپتالوں میں مردہ گھروں کے باہر لوگ اپنی عزیزوں کی لاشیں لینے کے انتظار میں ہیں - البتہ فسادات میں مرنے والوں میں سے متعدد کی آخری رسومات ادا کردی گئیں ۔ اس درمیان دہلی کے معروف اسٹیشن راجیو چوک پر کچھ شرپسندوں نے دیش کے غداروں کو گولی مارو جیسے اشتعال انگیز نعرے لگائے جس سےاسٹیشن پر افراتفری کا ماحول پیدا ہوگیا - پولیس نے فورا ہی سبھی چھے نوجوانوں کو گرفتار کرلیا ہے -