ہندوستان، کورونا ہلاکتیں دس ہزار کے قریب پہونچیں
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i367747-ہندوستان_کورونا_ہلاکتیں_دس_ہزار_کے_قریب_پہونچیں
ہندوستان میں کورونا انفیکشن سے اموات کی تعداد 10 ہزار کے قریب ہو گئی ہے جبکہ متاثرین قریب ساڑھے تین لاکھ کے لگھ بھگ پہونچ چکے ہیں۔
(last modified 2026-01-16T11:59:24+00:00 )
Jun ۱۶, ۲۰۲۰ ۰۷:۴۰ Asia/Tehran
  • ہندوستان، کورونا ہلاکتیں دس ہزار کے قریب پہونچیں

ہندوستان میں کورونا انفیکشن سے اموات کی تعداد 10 ہزار کے قریب ہو گئی ہے جبکہ متاثرین قریب ساڑھے تین لاکھ کے لگھ بھگ پہونچ چکے ہیں۔

ہندوستانی میڈیا کے مطابق ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی وجہ سے 380 افراد کی موت کے بعد اس مرض سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 9900 ہو گئی ہے۔

صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کی جانب سے آج منگل کے روز جاری کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق نئے کیسز کے ساتھ متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 343091 ہوگئی جبکہ کورونا وائرس سے اب تک ایک لاکھ 80 ہزار 13 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

ادھر دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین کی طبیعت خراب ہو گئی ہے۔ تیز بخار اور سانس لینے میں تکلیف کی شکایت کے بعد انہیں راجیو گاندھی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر صحت کا آکسیجن لیول نیچے ہے۔ اس سے پہلے دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو بھی بخار اور گلے میں خراش کی شکایت ہوئی تھی جس کے بعد ان کا کورونا ٹیسٹ کرایا گیا تھا جو منفی رہا۔

دارالحکومت دہلی کی صورتحال کورونا کی وجہ سے مسلسل خراب ہوتی جا رہی ہے اور متاثرہ افراد کی تعداد کے لحاظ سے یہ ملک میں تیسرے مقام پر ہے۔

ہندوستان میں کورونا سے متاثرین اور مرنے والوں کی سب سے زیادہ تعداد ریاست مہاراشٹر میں پائی جاتی ہے۔ اس ریاست میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے دو ہزار سات سو چھیاسی نئے مریضوں اور ایک سو اٹھتر نئی اموات کا اندراج کیا گیا جس کے بعد اس ریاست میں کورونا سے متاثرین کی تعداد ایک لاکھ دس ہزار سات سو چوالیس اور مرنے والوں کی تعداد چار ہزار ایک سو اٹھائیس ہو گئی ہے۔