ہندوستان میں کورونا سے467 افراد کی ہلاکت سے اموات 20 ہزار سے زائد
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i368803-ہندوستان_میں_کورونا_سے467_افراد_کی_ہلاکت_سے_اموات_20_ہزار_سے_زائد
ہندوستان میں کورونا وائرس کے یومیہ کیسز دو دن تک 24 ہزار سے زیادہ رہنے کے بعد گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس میں کسی حد تک کمی واقع ہوئی ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jul ۰۷, ۲۰۲۰ ۰۷:۵۶ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں کورونا سے467 افراد کی ہلاکت سے اموات 20 ہزار سے زائد

ہندوستان میں کورونا وائرس کے یومیہ کیسز دو دن تک 24 ہزار سے زیادہ رہنے کے بعد گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس میں کسی حد تک کمی واقع ہوئی ہے۔

ہندوستانی میڈیا نے آج منگل کو مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود کی طرف سے جاری تازہ ترین اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس کے 22252 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جو گذشتہ ہفتے کے بعد سے سب سے کم ہیں۔ تاہم اس کے باوجود آج ملنے والے کیسز سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 719665 ہوگئی ہے۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی زد میں آنے سے 467 افراد کی موت کے ساتھ ہی ہلاک شدگان کی تعداد بڑھ کر 20160 ہوگئی ہے اور اس عرصے کے دوران 15515 مریض صحت مند ہوئے ہیں اوراس طرح مجموعی طور پر 439948 افراد کورونا سے صحت یاب ہوئے ہیں ۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کی موذی وباء نے مسلسل اپنے پنجے گاڑ رکھے ہیں جس کے نہ صرف مریضوں میں بلکہ اس سے اموات میں بھی ہر روز اضافہ ہو رہا ہے۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 17 لاکھ 44 ہزار 494 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس سے ہلاکتیں 5 لاکھ 40 ہزار 764 ہو گئیں۔

کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 44 لاکھ 63 ہزار 572 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 57 ہزار 885 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 67 لاکھ 40 ہزار 158 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔