ہندوستان، ۶۵ ہزار کورونا میں مبتلا تو ۵۷ ہزار شفایاب
ہندوستان میں کورونا وبا کی شدت میں اضافہ کے درمیان اس جان لیوا وائرس سے شفایاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ستاون ہزار سے زیادہ متاثرین صحتمند ہوئے جبکہ اس عرصے میں پینسٹھ ہزار سے زیادہ نئے افراد اس جان لیوا وبا کی زد میں آئے۔
ہندوستان کی صحت و خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کی جانب سے ہفتہ کے روز جاری کئے جانے والے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ستاون ہزار تین سو اکیاسی افراد وبا سے شفایاب ہوئے ہیں جس سے صحت مند افراد کی مجموعی تعداد اٹھارہ لاکھ آٹھ ہزار نو سو سینتیس ہو گئی ہے۔
اس عرصے کے دوران پینسٹھ ہزار دو افراد مہلک وبا کا شکار ہوئے، جس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد پچیس لاکھ چھبیس ہزار ایک سو ترانوے ہو گئی ہے۔ اسی مدت میں نو سو چھیانوے افراد کی ہلاکت سے اموات کی مجموعی تعداد انچاس ہزار چھتیس ہو گئی۔
ہندوستان میں ایکٹیو کیسز کی تعداد بڑھکر اب چھے لاکھ اڑسٹھ ہزار دو سو بیس ہو گئی ہے۔