ہندوستان میں کورونا کے مزید 83 ہزار نئے کیسز
ہندوستان میں کورونا وائرس کے دن بہ دن بگڑتے حالات کے درمیان لگاتار دوسرے دن بھی جان لیوا کووڈ 19 کے 83 ہزار سے زیادہ نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
ہندوستانی میڈیا نے مرکزی وزارت صحت کی جانب سے رپورٹ دی ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 83 ہزار 341 نئے کیسز کے ساتھ متاثرین کی مجموعی تعداد 39 لاکھ 36 ہزار 748 ہو گئی ہے۔
ایک دن پہلے ہی متاثرین کے 83 ہزار883 نئے کیسز رپورٹ ہوئے تھے، جو عالمی سطح پر یومیہ کیسز کی اب تک کی سب سے بڑی تعداد تھی۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 66 ہزار 659 مریضوں کی صحت یابی سے کورونا وائرس سے شفایاب ہونے والوں کی تعداد 30 لاکھ 37 ہزار 152 ہو گئی ہے۔
ہندوستان کی صرف آٹھ ریاستوں اور مرکز کے زیر کنٹرول علاقوں میں مریضوں کی تعداد کم ہوئی ہے اور اسی عرصہ کے دوران ایک ہزار 96 مریضوں کی موت سے ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد 68 ہزار 472 ہو گئی ہے۔