ہندوستان، کورونا متاثرین کی یومیہ تعداد ۹۰ ہزار کو پار کر گئی
ہندوستان میں دن بہ دن کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہوتا جا رہا ہےجس سے اس ملک کے عوام میں خاصی تشویش پیدا ہو گئی ہے۔
ہندوستانی وزارت صحت نے اتوار کو اعلان کیا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے نوے ہزار چھے سو بتیس نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا جس کے بعد کورونا سےمتاثرین کی مجموعی تعداد اکتالیس لاکھ تیرہ ہزار آٹھ سو گیارہ ہوگئی ۔قابل ذکر ہے کہ ہندوستان کورونا سے متاثرین کی تعداد کے لحاظ سے برازیل کو پیچھے چھوڑکے امریکا کے بعد دوسرے نمبر پر پہنچ چکا ہے۔
ہندوستانی وزارت صحت کے مطابق انڈو مان نکوبار، آندھرا پردیش ، جھارکھنڈ، میزورم ، ناگالینڈ ، پڈو چیری ، تامل ناڈو، تلنگانہ اور مغربی بنگال کو چھوڑکے بقیہ سبھی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کورونا کے فعال معاملات میں اضافہ ہوا ہے ۔ اس رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں کورونا کے فعال معاملات کی تعداد آٹھ لاکھ باسٹھ ہزار تین سو بیس ہے۔ہ
ندوستانی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے تہتر ہزار چھے سو بائیس مریض شفایاب بھی ہوئے جس کے بعد ملک میں کورونا کو شکست دینے والوں کی تعداد اکتیس لاکھ اسّی ہزار آٹھ سو پینسٹھ ہوگئی ہے۔اس رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے مزید ایک ہزار پینسٹھ مریض جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد اس ملک میں کورونا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد ستر ہزار چھے سو چھبیس ہوچکی ہے۔
ہندوستانی وزارت صحت کے مطابق اس وقت ہندوستان میں کورونا کے فعال معاملات کی شرح کم ہوکے بیس اعشاریہ نو چھے فیصد، شفایابی کی شرح ستتر اعشاریہ تین دو فیصد اور اموات کی شرح ایک اعشاریہ سات دو فیصد ہے۔