ہندوستان میں کورونا کی صورتحال
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i374999-ہندوستان_میں_کورونا_کی_صورتحال
ہندوستان میں ایک دن میں تینتالیس ہزار سے زائد نئے کورونا مریضوں اور پانچ سو سے زائد اموات کا اعلان کیا گیا ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Oct ۲۸, ۲۰۲۰ ۱۳:۱۸ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں کورونا کی صورتحال

ہندوستان میں ایک دن میں تینتالیس ہزار سے زائد نئے کورونا مریضوں اور پانچ سو سے زائد اموات کا اعلان کیا گیا ہے۔

ہندوستان کی مرکزی وزارت صحت نے بدھ کو اعلان کیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے تینتالیس ہزار نو سو ترانوے نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا ۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ ایک دن پہلے یہ تعداد چھتیس ہزار چار سو ستر تھی۔
ہندوستانی وزارت صحت کے مطابق ایک دن میں کورونا سے متاثرین میں سب سے زیادہ، دو ہزار ستاسی افراد کا اضافہ دہلی میں ، اس کے بعد ہریانہ میں دو سو اٹھانوے افراد ، میزورم میں انسٹھ، ناگالینڈ میں ستائیس ، تلنگانہ میں چھبیس ، منی پور میں تیئس ، چندی گڑھ اور سکم میں سترہ سترہ اور ہماچل پردیش میں دس کا اضافہ ہوا اور دیگر تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں فعال معاملات میں کمی آئی ہے۔
اس دوران کورونا کے مزید پانچ سو آٹھ مریض جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد ملک میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ بیس ہزار سے زیادہ ہوگئی ۔
 ہندوستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے اٹھاون ہزار چار سو انتالیس مریض مکمل طور پر شفایاب ہوئے جس سے کورونا کے فعال معاملات میں پندرہ ہزار چون کی کمی آئی جس کے نتیجے میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد کم ہوکے چھے لاکھ دس ہزار آٹھ سو تین رہ گئی ہے۔
ہندوستان میں مجموعی طور پر کورونا سے سات ملین نو لاکھ نوے ہزار لوگ متاثر ہوئے جن میں سے ایک لاکھ بیس ہزار سےزیادہ موت سے ہمکنار ہوئے اور سات ملین دو لاکھ انسٹھ ہزار کورونا کو شکست دینے میں کامیاب رہے۔
ہندوستان میں کورونا سے شفایابی کی شرح نوے اعشاریہ آٹھ پانچ فیصد، فعال معاملات کی شرح سات اعشاریہ چھے چار فیصد اور اموات کی شرح ایک اعشاریہ پانچ صفر فیصد بتائی گئی ہے۔