ہندوستان میں کورونا کی صورتحال
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i375353-ہندوستان_میں_کورونا_کی_صورتحال
ہندوستان میں کورونا سے یومیہ ہلاکتوں اور متاثرین کی تعداد میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Nov ۰۳, ۲۰۲۰ ۱۵:۳۴ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں کورونا کی صورتحال

ہندوستان میں کورونا سے یومیہ ہلاکتوں اور متاثرین کی تعداد میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔

ہندوستان کی مرکزی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران بھی کورونا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد شفایاب ہونے والوں کی تعداد سے کم رہی۔اس رپورٹ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں ملک کے مختلف علاقوں میں کورونا کے اڑتیس ہزار تین سو دس نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا۔ اس سے پہلے پیر کے دن پینتالیس ہزار دو سو اکیتس اور اتوار کو چھیالیس ہزار نو سو تریسٹھ نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا۔

ہندوستانی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ منگل، کورونا کے نئے مریضوں کی تعداد پچاس ہزار سے کم ریکارڈ کیا جانے والا مسلسل نواں دن ہے۔ جبکہ کورونا سے شفایاب ہونے والوں کی تعداد مسلسل پچاس ہزار سے زیادہ ریکارڈ کی جارہی ہے۔

ہندوستانی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے اٹھاون ہزار تین سو تئیس مریض شفایاب ہوئے اور چار سو نوے جان کی بازی ہار گئے۔ ہندوستان میں کورونا سے متاثرین کی مجموعی تعداد بیاسی لاکھ سڑسٹھ ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جن میں سے ایک لاکھ تئیس ہزار ستانوے افراد موت سے ہمکنار ہوئے اور چھہتر لاکھ تین ہزار کورورنا کو شکست دینے میں کامیاب رہے۔

اس رپورٹ کے مطابق دارالحکومت دہلی میں بھی منگل کو صحتیاب ہونے والوں کی تعداد متاثرین سے زیادہ رہی ۔ اس رپورٹ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں دہلی میں کورونا سےمتاثرین کی تعداد چار ہزار ایک ریکارڈ کی گئی اور چار ہزار آٹھ سو چوبیس افراد شفایاب ہوئے ۔ دہلی میں کورونا سے متاثرین کی تعداد مسلسل پانچ دن تک پانچ ہزار سے زیادہ رہنے کے بعد منگل کو اس میں کمی دیکھی گئی ہے۔

ہندوستانی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ منگل کو شفایاب ہونے والوں کی تعداد متاثرین سے بیس ہزار پانچ سو تین زیادہ ریکارڈ کی گئی جس کے بعد کورونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد کم ہو کے پانچ لاکھ اکتالیس ہزار چار سو پانچ رہ گئی ہے۔ ہندوستان میں کورونا سے شفایاب ہونے والوں کی شرح اکیانوے اعشاریہ نو چھے فیصد، اموات کی شرح ایک اعشاریہ چار آٹھ فیصد اور زیر علاج مریضوں کی شرح چھے اعشاریہ پانچ چار فیصد ہے۔