ہندوستان میں کورونا کے یومیہ متاثرین اور اموات میں کمی
ہندوستان میں کورونا کے یومیہ متاثرین اور اموات میں کمی کا سلسلہ جاری ہے اور شفایابی کی شرح بڑھ کر ترانوے فیصد سے زیادہ ہو گئی ہے۔
ہندوستانی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ اتوار کو کورونا کے نئے مریضوں میں گزشتہ تین دن کے مقابلے میں کمی دیکھی گئی۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے اکتالیس ہزار ایک سو نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا۔ ہندوستان میں کورونا کے متاثرین کی تعداد آٹھ ملین آٹھ لاکھ چودہ ہزار ہو چکی ہے۔ اس دوران کورونا کے مزید چار سو سینتالیس افراد جان کی بازی ہار بیٹھے جس کے بعد ہندوستان میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ انتیس ہزار چھے سو پینتس ہوگئی ۔
رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں اس مدت کے دوران بیالیس ہزار ایک سو چھپن مریض شفایاب ہوئے جس کے بعد کورونا کو شکست دینے والوں کی تعداد بڑھ کے آٹھ ملین دو لاکھ دو ہزار سے زیادہ ہوگئی ۔
ہندوستان میں کورونا سے شفایابی کی شرح ترانوے اعشاریہ صفر نو فیصد، اموات کی شرح ایک اعشاریہ چار سات فیصد اور زیر علاج مریضوں کی شرح پانچ اعشاریہ چار تین فیصد ہے۔
اس دوران انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں کورونا کے متاثرین کا پتہ لگانے کی مہم کے تحت روزآنہ دس لاکھ سے زائد نمونوں کی جانـچ کی جا رہی ہے اور اب تک مجموعی طور پر بارہ کروڑ چھیالیس لاکھ آٹھ سو انیس نمونوں کی جانچ کی جا چکی ہے۔
انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ کے مطابق ملک میں کورونا ٹیسٹ کا تناسب ہر دس لاکھ کی آبادی پر نوے ہزار دو سو چون ہے ۔