ہندوستان میں کورونا کے فعال کیسز میں کمی
ہندوستان میں کورونا کے نئے کیسز کم ہونے اور بڑھنے کے درمیان صحت یاب ہونے والوں کی تعداد میں مسلسل بہتری کی وجہ سے فعال کیسز کی تعداد میں مسلسل کمی آرہی ہے اور ان کی شرح ساڑھے تین فیصد سے نیچے آئی گئی ہے۔
نئی دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق ہندوستان کی وزارت صحت کی جانب سے بدھ کے روز جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران چھبیس ہزار تین سو بیاسی نئے کیسز سامنے آئے جس سے متاثرین کی مجموعی تعداد ننانانوے لاکھ بتیس ہزار ہو گئی ہے۔
اس دوران تینتیس ہزار آٹھ سو تیرہ مریضوں کے صحت یاب ہونے کے ساتھ صحت یاب ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر چورانوے لاکھ چھپن ہزار ہوگئی ہے اور صحت یابی کی شرح بڑھ کر پچانوے اعشاریہ دو ایک فیصد ہوگئی ہے۔ فعال کیسز کم ہو کر تین لاکھ بتیس ہزار پر آ گئے ہیں اور اس کی شرح کم ہو کر تین اعشاریہ تین چارفیصد پر آ گئی ہے۔
اس دوران تین سو ستاسی مریضوں کی موت ہونے سے مرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ چوالیس ہزار چھیانوے ہوگئی ہے اور شرح اموات اب بھی ایک اعشاریہ چار پانچ فیصد ہے۔
کورونا سے سب سے زائد متاثرہ مہاراشٹر میں فعال کیسز کم ہو کے بہتر ہزار چار سو اٹھاون رہ گئے ہیں۔ اس دوران ستر مریضوں کی موت ہونے سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر اڑتالیس ہزار تین سو انتالیس ہوگئی ہے ۔ وہیں سترہ لاکھ چھیاسٹھ ہزار سے زیادہ افراد نے کورونا کو شکست دی ہے۔
البتہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کی سات ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کورونا کے ایکٹو کیسز میں اضافہ ہوا ہے ، جس میں سب سے زیادہ کیرالہ اور بہار میں اضافہ ہوا ہے۔
اس دوران کیرالہ میں جہاں ایک سو انیس کیسز اور بہار میں بیاسی کیسز بڑھے ہیں، جبکہ بقیہ پانچ دیگر ریاستوں اور مرکزکے زیر انتظام علاقوں میں چالیس سے کم کیسز بڑھے ہیں۔