دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر کے اختیارات میں اضافہ
ہندوستان میں صدر نے دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر کے اختیارات بڑھانے کے متنازعہ بل پر دستخط کردیئے ۔
دہلی سے موصولہ ہندوستانی ذرائع کی رپورٹ کے مطابق صدر ہند، رام ناتھ کووند نے دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر کے اختیارات بڑھانے کے بل پر دستخط کردیئے جس کے بعد یہ بل قانون کی شکل اختیار کرچکا ہے۔
اس بل پر ہندوستان کے صدر رام ناتھ کووند نے اتوار کی شام دستخط کئے ۔
پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے یہ بل پہلے ہی پاس ہوچکا ہے۔ دہلی کے لیفٹیننٹ گورنرکے اختیارات بڑھانے کا متنازعہ بل لوک سبھا سے بائیس مارچ کو اور ایوان بالا راجیہ سبھا سے چوبیس مارچ کو ہی پاس ہوچکا تھا۔
ہندوستانی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں حزب اختلاف کے اراکین نے اس بل کی سخت مخالفت اور ایوان سے واک آؤٹ کیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ ہندوستانی پارلیمنٹ میں حکمراں قومی جمہوری اتحاد کو دو تہائی سے زیادہ اکثریت حاصل ہے جس کی وجہ سے مرکزی حکومت کو کسی بھی بل کو پاس کرانے میں کوئی مشکل پیش نہیں آتی ۔
دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر کے اختیارات بڑھانے کے بل کو حزب اختلاف کی جماعتوں نے جمہوریت اور آئین کے منافی قرار دیا تھا۔