کورونا سے جنگ میں حکومت ناکام ، ہندوستانی عدالتوں کی برہمی
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i386367-کورونا_سے_جنگ_میں_حکومت_ناکام_ہندوستانی_عدالتوں_کی_برہمی
ہندوستان میں کورونا کے طوفان اور اس کے نتیجے میں ہونے والی تباہی کے دوران عدالتوں کی جانب سے حکومتوں پر مسلسل برہمی کا اظہار کیا جارہا ہے -
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
May ۱۸, ۲۰۲۱ ۱۴:۳۷ Asia/Tehran
  • کورونا سے جنگ میں حکومت ناکام ، ہندوستانی عدالتوں کی برہمی

ہندوستان میں کورونا کے طوفان اور اس کے نتیجے میں ہونے والی تباہی کے دوران عدالتوں کی جانب سے حکومتوں پر مسلسل برہمی کا اظہار کیا جارہا ہے -

ملک کی سب سے بڑی ریاست اترپردیش کی الہ آباد ہائی کورٹ نے کورونا سے نمٹنے میں ناکام ہونے پر ریاستی حکومت پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست کے چھوٹے شہروں میں میڈیکل سسٹم کو اس کے حال پر چھوڑ دیا گیا ہے-

الہ آباد ہائی کورٹ نے ریاستی حکومت سے کہا ہے کہ وہ نظام صحت میں فوری طور پر اصلاحات کرے -

ہائی کورٹ نے حکومت سے کہا ہے کہ وہ بائیس مئی تک اس بارے میں رپورٹ پیش کرے کہ اس نے کورونا کا مقابلہ کرنے کے لئے میڈیکل سسٹم میں کیا اصلاحات انجام دی ہیں-

دوسری جانب پٹنہ ہائی کورٹ نے اس بات پر حیرانی کا اظہار کیا ہے کہ بکسر میں کورونا سے صرف چھے اموات ریکارڈ کی گئی ہیں جبکہ دریا سے تقریبا سات سو نوے لاشیں ملی ہیں -

پٹنہ ہائی کورٹ نے حکومت سے سوال کیا ہے کہ وہ بتائے کہ کون سی اعداد وشمار صحیح ہیں پٹنہ ہائی کورٹ کے اس سوال کا جواب دینے کے لئے حکومت نےوقت مانگا ہے-

اس درمیان ہندوستان میں کورونا کا قہر جاری ہے اور گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید دو لاکھ ترسٹھ ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ کورونا سے اموات کا سلسلہ بڑھتا ہی جارہا ہے -

ہندوستان کی مرکزی وزارت صحت نے کہا ہے کہ پچھلے چوبیس گھنٹوں میں کورونا سے مزید چار ہزار تین سو سے زائد لوگ اپنی جان گنوا چکے ہیں -

ہندوستان میں آزاد ذرائع کا کہنا ہے ملک میں کورونا سے متاثرین اور مرنے والوں کی یومیہ تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے جو سرکاری طور پر میڈیا میں بتائی جارہی ہیں -