ہندوستان میں آسمانی بجلی گرنے سے دسیوں ہلاک
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i389471-ہندوستان_میں_آسمانی_بجلی_گرنے_سے_دسیوں_ہلاک
ہندوستان کی تین ریاستوں راجستھان، اترپردیش اور مدھیہ پردیش میں آسمانی بجلی گرنے سے کم سے کم اڑسٹھ افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jul ۱۲, ۲۰۲۱ ۱۵:۴۹ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں آسمانی بجلی گرنے سے دسیوں ہلاک

ہندوستان کی تین ریاستوں راجستھان، اترپردیش اور مدھیہ پردیش میں آسمانی بجلی گرنے سے کم سے کم اڑسٹھ افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق اترپردیش میں آسمانی بجلی گرنے سے اکتالیس افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔ ہلاک ہونے والے بیشتر افراد کا تعلق پریاگ راج سے ہے ۔آسمانی بجلی نے ریاست راجستھان کو بھی نشانہ بنایا ۔ اس واقعے میں مرنے والے گیارہ افراد کا تعلق ریاست راجستھان کے شہر جے پور سے ہے جبکہ نو کا تعلق کوٹا ، جھلاوا اور بارن سے ہے ، راجستھان میں اس واقعے میں دس افراد زخمی بھی ہوئے ہیں ۔ آسمانی بجلی نے ریاست مدھیہ پردیش کے شیو پور ، گوالیار اور بیتول کے علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لیا جس کے نتیجے میں سات افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی نے اتر پردیش ، راجستھان اور مدھیہ پردیش کے کچھ حصوں میں آسمانی بجلی گرنے سے ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور اس واقعہ میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کے لواحقین کو معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔

وزیر اعظم نے پیر کو اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ اتر پردیش کے متعدد حصوں میں آسمانی بجلی گرنے سے ہونے والی ہلاکتیں اندوہناک ہیں۔ ایک اور ٹویٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ راجستھان کے کچھ علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے سے کئی لوگ اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں اور میں اس واقعہ سے غمزدہ ہوں۔