دیوالی کے موقع پر آتش بازی اور پٹاخوں پر پابندی
ہندوستان کے قومی دارالحکومت میں دیوالی کے موقع پر آتش بازی اور پٹاخوں پر پابندی لگادی گئی ہے۔
ہندوستان کی سرکاری خبررساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق دہلی کے وزیر اعلا اروند کیجریوال نے کہا ہے کہ دیوالی پر آتش بازی اور پٹاخوں کے نتیجے میں فضائی آلودگی خطرناک حد تک بڑھ جاتی ہے جس سے لوگوں کی زندگی کو خطرہ لاحق ہو جاتا ہے۔
اروند کیجریوال نے کہا ہے کہ دہلی کے عوام کی زندگی کو فضائی آلودگی سے محفوظ رکھنے کے لئے گزشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی دیوالی کے موقع پر آتش بازی اور پٹاخوں پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ گزشتہ سال اس پابندی کا اعلان تاخیر سے کیا گیا تھا جس کی وجہ سے تاجروں کو کافی نقصان ہوا تھا کیونکہ انھوں نے آتش بازی اور پٹاخوں کا ذخیرہ جمع کرلیا تھا ۔انھوں نے کہا کہ اسی بات کے پیش نظر اس سال پہلے سے ہی اس فیصلے کا اعلان کیا جا رہا ہے ۔ انھوں نے اسی کے ساتھ تاجروں سےکہا ہے کہ آتش بازی اور پٹاخوں کی فروخت پر پابندی ہوگی لہذا انہیں خرید کے جمع نہ کریں۔
دہلی کے وزیر ماحولیات نے بھی بتایا ہے کہ متعلقہ محکموں کو اس سلسلے میں اکیس ستمبر تک ایکشن پلان تیار کرلینے کے احکامات صادر کردیئے گئے ہیں۔