ہندوستان، اتراکھنڈ میں اسکول کے نصاب میں ہندوؤں کی مقدس کتابیں شامل
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i404896-ہندوستان_اتراکھنڈ_میں_اسکول_کے_نصاب_میں_ہندوؤں_کی_مقدس_کتابیں_شامل
ہندوستان کی ریاست اتراکھنڈ میں ہندوؤں کی مقدس کتابوں بھگود گیتا، رامائن اور ویدوں کو اسکولوں کے نصاب میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
May ۰۲, ۲۰۲۲ ۱۸:۴۳ Asia/Tehran
  • ہندوستان، اتراکھنڈ میں اسکول کے نصاب میں ہندوؤں کی مقدس کتابیں شامل

ہندوستان کی ریاست اتراکھنڈ میں ہندوؤں کی مقدس کتابوں بھگود گیتا، رامائن اور ویدوں کو اسکولوں کے نصاب میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ہندوستانی میڈیا کے مطابق بی جے پی کی حکومت چار ریاستوں میں پہلے ہی بھگود گیتا کو اسکولوں میں بطور نصاب پڑھانے کی منظوری دے چکی ہے۔

اترکھنڈ کے وزیر تعلیم دھیان سنگھ راوت نے کہا ہے کہ وفاق کی جانب سے جاری کردہ نئی تعلیمی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے ریاست بھر کے اسکولوں میں بھگود گیتا پڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ بھگود گیتا کے علاوہ اسکولوں کے نصاب میں رامائن اور ویدوں کو بھی شامل کیا جائے گا جب کہ بچوں کو اترکھنڈ کی تاریخ پڑھانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

وزیر تعلیم دھیان سنگھ نے مزید کہا کہ اس حوالے سے تعلیمی ماہرین اور عوام سے تجاویز بھی طلب کی ہیں۔

اترکھنڈ کی مسلمان تنظیموں نے اس فیصلے کو متعصبانہ اور مذہبی آزادی کے خلاف قرار دیتے ہوئے حکومت سے فی الفور اپنا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ مارچ میں ہندوستانی ریاست گجرات میں بھارتیہ جنتا پارٹی حکومت نے چھٹی سے بارہویں جماعت کے نصاب میں ہندوؤں کی مقدس کتاب ’بھگود گیتا‘ کو پڑھنا لازمی قرار دے دیا تھا۔