ہیرالڈ ہاؤس کے خلاف ای ڈی کی کارروائی جاری
ہندوستان میں کانگریس پارٹی سے وابستہ ہیرالڈ میڈیا ہاؤس کے خلاف انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی کارروائیوں کا سلسلہ جمعرات کو بھی جاری رہا ۔
ہندوستان کے سرکاری خبررساں ادارے یو این آئی کے مطابق مرکزی تفتیشی ادارے انفورسمنٹ ڈائریکٹو ریٹ نے جمعرات کو دہلی میں ہیرالڈ ہاؤس میں، ینگ انڈیا لمیٹڈ کمپنی کے دفتر کی عمارت کی دوبارہ تلاشی لی ۔اس سے قبل انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے نئی دہلی میں ہیرالڈ ہاؤس میں واقع ینگ انڈیا کے دفتر کو سیل کردیا تھا اور اس پر نوٹس چسپاں کرکے لوگوں کے داخلے پر پابندی لگادی تھی ۔
ہیرالڈ میڈیا ہاؤس کے اخبار ینگ انڈیا کا دفتر سیل کئے جانے پر سینیئر کانگریسی رہنما کمل ناتھ نے ٹوئٹ کیا کہ یہ اخبار گاندھی جی نے شروع کیا تھا اور اس کے ذریعے انھوں نے پورے ملک میں عدم تشدد کی روشنی پھیلائی اور ہمیں آزادی دلائی ۔ اب اس کو کچلا جارہا ہے ۔ اس کا جواب آزاد ہندوستان دے گا۔
یاد رہے کہ نیشنل ہیرالڈ منی لانڈرنگ اسکینڈل کے سلسلے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے ہندوستان بھر میں ہیرالڈ ہاؤس اور ینگ انڈیا سمیت نیشنل ہیرالڈ نیوز پیپر گروپ کے دفاتر اور مراکز کی تلاشی لی ہے ۔
ہندوستان کی مرکزی تفتیشی ایجنسی ای ڈی کانگریس صدر اور ان کے بیٹے راہل گاندھی کو بھی طلب کرکے ان سے پوچھ گچھ کرچکی ہے۔ اس دوران ای ڈی نے جمعرات کو سینیئر کانگریسی رہنما اور پارلیمنٹ کے ایوان بالا راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملک ارجن کھڑگے کو بھی طلب کیا ۔ کانگریسی رہنماؤں نے ہیرالڈ ہاؤس پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے چھاپوں اور کانگریسی رہنماؤں کی طلبی کو پارٹی پر دباؤ ڈالنے کے اقدام سے تعبیر کیا ہے ۔
کانگریس پارٹی کے سینیئر رہنما جے رام رمیشں نے ٹوئٹ کیا ہے کہ ای ڈی نے ارجن کھڑگے کو ایسے وقت طلب کیا ہے جب پارلیمنٹ کا اجلاس جاری ہے اور ای ڈی کے طلب کرنے پر ملک ارجن کھڑگے اجلاس چھوڑ کر جانے پر مجبور ہوئے ۔
جمعرات کو پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں کانگریس پارٹی اور اس کے ہم خیال جماعتوں کے اراکین نے اپوزیشن کے خلاف انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی کارروائیوں کے مسئلے پر بحث کا مطالبہ کیا اور حکومت پر اپوزیشن کو دبانے کے لئے ایجنسی سے کام لینے کا الزام لگایا۔