ہندوستان کی ریاست کرناٹک میں کانگریس کی تقریب حلف برداری
ہندوستان کی ریاست کرناٹک میں ریاست کے سینیئر کانگریسی رہنما سدا رمّیا نے وزیر اعلا اور پارٹی کے ریاستی صدر شیوکمار نے نائب وزیر اعلا کا حلف لے لیا۔
سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستان کی ریاست کرناٹک کی نئی حکومت کی تقریب حلف برداری، بنگلور کے کانتریوا اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں کانگریس پارٹی اور اس کی ہم خیال جماعتوں کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی ۔
کرناٹک کے گورنر نے پہلے سابق وزیر اعلا سدا رمیا کو وزیر اعلا کے عہدے کا اور پھر شیوکمار کو نائب وزیر اعلا کے عہدے کاحلف دلایا۔ کرناٹک کے نئے وزیر اعلا، دو ہزار تیرہ میں پہلی بار ریاست کے وزیر اعلا بنے تھے اور شیو کمار ان کی کابینہ میں شامل تھے۔
ان دونوں کے ساتھ ہی کرناٹک کی نئی ریاستی کابینہ کے آٹھ اہم وزرا کو بھی حلف دلایا گیا۔ یاد رہے کہ کرناٹک کے اسمبلی انتخابات میں کانگریس پارٹی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ، اسمبلی کی دو سو چوبیس نشستوں میں سے ایک سو پینتس پر اپنی کامیابی درج کرائی جبکہ بھارتیہ جنتا پارٹی کو پینسٹھ نشستیں ہی مل سکیں۔