کشمیر میں کئی علاقے فوج کے محاصرے میں، تلاشی آپریشن جاری
ہندوستان کے زیر انتظام جموں وکشمیر کے کٹھوعہ ضلع میں بین الاقوامی سرحد کے نزدیک سیکورٹی فورسز نے کئی علاقوں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔
سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستانی حکام کے مطابق علاقے میں تین سے چار مشکوک افراد کی نقل وحرکت کے بعد تلاشی آپریشن شروع کیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق کٹھوعہ کے ہیرا نگر علاقے میں مقامی لوگوں نے چار مشتبہ افراد کو دیکھا اور اس بارے میں پولیس کو فوری طور پر جانکاری دی۔ ہندوستانی ذرائع کے مطابق فوج ، پولیس اور بی ایس ایف نے ہیرا نگر کے ایک درجن کے قریب علاقوں کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے راستوں پر پہرے بٹھا دیئے۔
ایس ایس پی کٹھوعہ شوبت سکسینہ کے مطابق پولیس کو مصدقہ اطلاع موصول ہوئی کہ ہیرا نگر میں چار مشتبہ افراد کو دیکھا گیا۔ انہوں نے کہاکہ سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع العریض سرحدی علاقوں کو محاصرے میں لے کر لوگوں کے چلنے پھرنے پر پابندی عائد کی۔ ان کے مطابق کھوج لگانے والے کتوں اور ڈرون کیمروں کے ذریعے علاقے پر نگرانی کا عمل تیز کیا گیا ہے۔