Aug ۱۸, ۲۰۱۵ ۱۶:۳۶ Asia/Tehran
  • اسلامی چینلوں کی یونین کا اجلاس، سازشوں کا مقابلہ کرنا

اسلامی ریڈیو اور ٹی وی چینلوں کی یونین کی اعلی کونسل کے سربراہ نے کہا ہے کہ اس یونین کے آٹھویں اجلاس میں استقامت اور اسلامی اقدار کے پابند بہت سے چینلوں کے اہلکاروں سے ملاقات کرنے کا موقع ملا ہے۔

اسلامی ریڈیو اور ٹی وی چینلوں کی یونین کے سربراہ عبد اللہ قصیر نے تہران میں اس یونین کے آٹھویں اجلاس کے موقع پر ہمارے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دشمن، بدستور سازشیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دو طرح کی سازشیں ہو رہی ہیں جن میں پہلی قسم اسرائیلی اور امریکی سازشوں کی ہے کہ جن کے سہارے وہ عوام پر تسلط حاصل کرنے، عوام اور حکومتوں کے درمیان اختلاف ڈالنے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دوسری قسم کی سازشیں حقیقی اسلام کو بدنام کرنا ہے اور اس کام کے لئے تکفیریوں اور دہشت گردوں کو استعمال کیا جارہا ہے اور یہ لعنت، ہمارے علاقے میں پھیل چکی ہے اور اس سے، اسلام کی بدنامی بھی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں جبکہ ہم دشمنوں کی سازشوں کی زد میں ہیں، تہران اجلاس میں، جس کا بنیادی موضوع نبی رحمت ہے، ان سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے قدم اٹھایا گیا ہے۔ عبد اللہ قصیر نے انٹرنیٹ پر اسلامی ریڈیو اور ٹی وی چینلوں کی اہمیت کے بارے میں کہا کہ آج انٹرنیٹ میڈیا، ذرائع ابلاغ میں سب سے آگے ہے اور بین الاقوامی اعداد و شمار سے معلوم ہوتا ہے کہ ساٹھ فیصد لوگ انٹرنیٹ پر خبریں دیکھتے ہیں۔ اسلامی ریڈیو ٹی وی چینلوں کی یونین کی اعلی کونسل کے سربراہ نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ اس سلسلے میں سرمایہ کاری کی جائے اور روایتی ذرائع ابلاغ اپنی روش بدل کر جوانوں اور معاشرے کے دیگر افراد کی زبان میں اپنی بات کہنے کی کوشش کریں۔