Oct ۰۹, ۲۰۱۵ ۱۳:۰۰ Asia/Tehran
  • سعودی عرب علاقے میں بدامنی پھیلانے کے درپے ہے: محسن رضائی
    سعودی عرب علاقے میں بدامنی پھیلانے کے درپے ہے: محسن رضائی

تشخیص مصلحت نظام کونسل کے سیکریٹری اور سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سابق کمانڈر جنرل محسن رضائی نے کہا ہے کہ یہ مفروضہ پایا جاتا ہے کہ سعودی عرب یمن میں فتح حاصل کرنے اور اس کے بعد خلیج فارس کے ممالک میں بدامنی پھیلانے کے درپے ہے۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق جنرل محسن رضائی نے جمعرات کے روز خلیج فارس میں امریکیوں کے ساتھ براہ راست جنگ میں سپاہ پاسداران کی بحریہ کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کی تقریب میں کہا کہ علاقے کے حالات حساس ہیں اور جیسا کہ یمن پر سعودی عرب کے حملے سے پہلے امکان ظاہر کیا گیا تھا، علاقے میں بدامنی پیدا ہو گئی ہے۔


انھوں نے علاقے کے ممالک کے داخلی امور میں وسیع پیمانے پر سیاسی اور فوجی مداخلت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کے بادشاہ اپنے ملک کے داخلی مسائل سے رائے عامہ کی توجہ ہٹانے کے لیے خلیج فارس کے عرب ممالک سمیت علاقے کے ممالک میں بدامنی پھیلانا چاہتے ہیں۔


سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سابق کمانڈر جنرل محسن رضائی نے امریکہ کے ساتھ براہ راست لڑائی میں سپاہ پاسداران کی بحریہ کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایران پر صدام کی مسلط کردہ جنگ کے آخری برسوں میں امریکہ صدام کی حکومت کو بچانے کے لیے ایران کے ساتھ براہ راست جنگ میں کود پڑا لیکن ایرانی مجاہدین کی شجاعت و بہادری نے علاقے میں امریکی سازشوں کو ناکام بنا دیا۔ جنرل رضائی نے مزید کہا کہ ہم نے ہمیشہ ایمان کی طاقت اور اپنے مجاہدین کی فکر و سوچ پر بھروسہ کیا ہے اور کرتے ہیں۔

ٹیگس