ایران: پارلیمانی انتخابات کے امیدواروں کی تعداد دس ہزار سے تجاوز کرگئی
https://urdu.sahartv.ir/news/iran-i202384-ایران_پارلیمانی_انتخابات_کے_امیدواروں_کی_تعداد_دس_ہزار_سے_تجاوز_کرگئی
ایران کے پارلیمانی انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے آخری دن کاغذات جمع کرانے والوں کی تعداد دس ہزار سے تجاوز کرگئی۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Dec ۲۵, ۲۰۱۵ ۱۵:۳۲ Asia/Tehran
  • ایران: پارلیمانی انتخابات کے امیدواروں کی تعداد دس ہزار سے تجاوز کرگئی
    ایران: پارلیمانی انتخابات کے امیدواروں کی تعداد دس ہزار سے تجاوز کرگئی

ایران کے پارلیمانی انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے آخری دن کاغذات جمع کرانے والوں کی تعداد دس ہزار سے تجاوز کرگئی۔

ایران کے چیف الیکشن کمشنر محمد حسین مقیمی نے اعلان کیا ہے کہ کاغذات نامزدگی جمعے کی رات بارہ بجے تک جمع کرائے جاسکتے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ قانون کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں کوئی توسیع نہیں کی جاسکتی۔

وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق پچھلے انتخابات کے مقابلے میں اس دفعہ کاغذات نامزدگی جمع کرانے والوں کی تعداد میں اکسٹھ فی صد کا اضافہ ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق جمعےکی شام تک پارلیمانی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے والوں کی تعداد دس ہزار آٹھ سو چونتیس ہوچکی تھی جن میں ایک ہزار سڑسٹھ خواتین شامل ہیں ۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا کام چار جنوری دوہزار سولہ تک مکمل کر لیا جائے گا۔ جبکہ اہل امیدواروں کی حتمی فہرست انتخابات کی نگرانی کرنے والی آئینی کونسل ، شورائے نگہبان قانون اساسی، کی جانب سے نو فروری کو وزارت داخلہ کو بھیج دی جائے گی۔

انتخابات میں حصہ لینے کے اہل امیدوار اٹھارہ فروری سے اپنی انتخابی مہم شروع کرسکیں گے جو چوبیس فروری تک جاری رہے گی۔ ایران کے عوام چھبیس فروری کو اپنے ووٹوں کے ذریعے پارلیمنٹ کی دو سو نوے نشستوں کے لیے ارکان کا انتخابات کریں گے۔