صیہونی حکومت کے مقابلے میں حزب اللہ کی روز افزوں عزت اسلامی ملکوں کی سربلندی کا باعث: اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہاہے کہ صیہونی حکومت کے مقابلے میں حزب اللہ کی روز افزوں عزت اسلامی ملکوں کی سربلندی کا باعث ہے -
وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اتوار کی شام تہران میں حزب اللہ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم سے ملاقات میں کہاکہ مختلف بحرانوں کے مقابلے میں حزب اللہ کی ہوشیاری خوشی کاسبب ہے - انہوں نے کہا کہ علاقے میں لبنان کی اسلامی مزاحمتی تحریک اور حزب اللہ کا خاص مقام ہے - انہوں نے کہاکہ حزب اللہ کی پالیسی لبنان کے اقتدار اعلی اور اتحاد کی حفاظت کے ساتھ ساتھ سبھی گروہوں کے مفادات کا خیال رکھناہے - جواد ظریف نے کہاکہ علاقےکے بعض ممالک غلط روش اپنا کر علاقے کے حقائق کو نظرانداز کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور امت اسلامیہ کے مفادات کے برخلاف قدم اٹھارہے ہیں - انہوں نے لبنان کے حالات کا بھی ذکرکرتے ہوئے کہا کہ لبنان کے صدر کے انتخاب کے سلسلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کا موقف لبنان کے عوام ،اس ملک کے سبھی گروہوں اور سیاسی جماعتوں کی رائے کا احترام کرنا ہے - حزب اللہ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے بھی اس ملاقات میں لبنان اور شام کے حالات کا ذکر اور صیہونی حکومت کی سازشوں کے بارے میں حزب اللہ کے اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ صیہونی حکومت کی سازشوں کے مقابلے میں اسلامی مزاحمتی قوت اور لبنانی عوام کے مفادات کی حمایت پر مبنی ایران کی اسٹریٹیجک پالیسی قابل ستائش ہے -