یمن میں سعودی عرب کی شکست واضح ہو چکی ہے: علی اکبر ولایتی
عالمی امور میں رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے کہا ہے کہ یمن میں سعودی عرب کی شکست واضح ہو چکی ہے۔
تہران میں یمنی علما کے ایک وفد سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے کہا کہ سعودی عرب کی شکست واضح ہو چکی ہے اور یمنی عوام کامیابی کی دہلیز پر پہنچنے والے ہیں۔ انہوں نے ایک بار پھر ایران کے اس موقف کا اعادہ کیا کہ تہران یمنی عوام اور انقلابیوں کی حمایت جاری رہے گا۔ ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے اس امکان کو مسترد نہیں کیا کہ نائیجیریا کی تحریک اسلامی کے رہنما آیت اللہ ابراہیم زکزکی کے فوج کے ہاتھوں اغو اور آیت اللہ نمر باقر نمر کی سزائے موت کے درمیان تعلق پایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ دونوں واقعات میں کچھ نہ کچھ ربط اور تعلق ضرور پایا جاتا ہے۔
ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے کہا کہ سعودی عرب بالواسطہ طور پر آیت اللہ زکزکی پر حملے اور ان کے بیٹوں کی شہادت میں ملوث ہے جبکہ آیت اللہ باقر نمر کی شہادت میں براہ راست اس کا ہاتھ ہے۔ عالمی امور میں رہبر انقلاب اسلامی کے نمائندے اور اسٹریٹیجک ریسرچ سینٹر کے سربراہ نے کہا کہ سعودی عرب کے سنی اور شیعہ مسلمان ایک دوسرے کے شانہ بشانہ اٹھ کھڑے ہوں گے اور شہید آیت اللہ نمر کا خون آل سعود کو بہا کر لے جائے گا۔