Jan ۱۰, ۲۰۱۶ ۱۹:۵۰ Asia/Tehran
  • سعودی عرب کے کشیدگی پیدا کرنے والے اقدامات کو بحران شام کے حل پر منفی اثرات مرتب نہیں کرنے دیں گے: وزیر خارجہ جواد ظریف

وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اس بات کی اجازت نہیں دے گا کہ سعودی عرب کے کشیدگی پیدا کرنے والے اقدامات شام کے بحران کے حل پر منفی اثرات مرتب کریں

وزیرخارجہ جواد ظریف نے تہران میں شام کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اسٹیفن دی میستورا سے ملاقات میں ایران اور سعودی عرب کے تعلقات کی تازہ ترین صورتحال کی تشریح کرتے ہوئے شام کے بحران اور اس بحران کے حل کے لئے انجام پانے والے اقدامات پر بات چیت کی - وزیرخارجہ جواد ظریف نے کہا کہ سعودی عرب کا رویّہ علاقے میں کشیدگی پیدا کرنے والا ہے- ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب شام کے بحران پر منفی اثر ات مرتب کرنا چاہتا ہے لیکن ایران ، شام اور یمن کے عوام کی مشکلات میں اضافے کی روک تھام کے لئے اپنی کوشش جار ی رکھے گا - انہوں نے کہا کہ ایران اس بات کی بھی کوشش کرتا رہے گا کہ شامی پناہ گزینوں کی یورپ کی جانب وسیع نقل مکانی سے پیدا ہونے والے مسائل میں بھی اضافہ نہ ہو - ایران کے وزیرخارجہ نے کہا کہ سعودی عرب یمن کے دارالحکومت صنعا میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارتخانے پر حملہ اور سفارتی عملے کو زخمی کرکے اپنے جرائم سے لوگوں کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے جبکہ ایران سفارتخانوں کی حفاظت کے تعلق سے اپنی ذمہ داریوں پر پوری طرح عمل کر رہا ہے - شام کے امورمیں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے نے بھی اس ملاقات میں شام کے بحران کے حل سے متعلق اپنی تازہ ترین کوششوں کی رپورٹ پیش کی اور کہا کہ شام کے بحران کے حل میں اسلامی جمہوریہ ایران کا کردار ہمیشہ مثبت رہا ہے -