ایران اور روس کے وزرائے دفاع کی ملاقات
-
ایران اور روس کے وزرائے دفاع کی ملاقات
اسلامی جمہوریہ ایران اور روس کے وزرائے دفاع نے دو طرفہ اور علاقائی مسائل پر بات چیت کی ہے۔
روس کے وزیر دفاع سرگئی شایگو نے منگل کے روز ماسکو میں ایران کے وزیر دفاع سے بریگیڈیئر جنرل حسین دہقان سے ملاقات میں کہا کہ روس اور ایران کو علاقے میں مشترکہ چیلنجوں اور خطرات کا سامنا ہے جن کا صرف مشترکہ طور پر ہی مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ تہران میں جنوری دو ہزار پندرہ میں ہونے والے ایران اور روس کے فوجی تعاون کے معاہدے نے دونوں ملکوں کے طویل مدت فوجی تعاون کو فروغ دینے کے لیے قانونی راستہ ہموار کر دیا ہے۔
ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل حسین دہقان نے بھی ایران اور روس کے فوجی اور دفاعی تعاون میں فروغ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ ماسکو میں ہونے والی پانچویں بین الاقوامی سیکورٹی کانفرنس میں شرکت کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ یہ کانفرنس ستائیس اور اٹھائیس اپریل کو منعقد ہو گی۔
ایرانی وزیر دفاع نے روس کے نائب وزیراعظم دیمیتری راگوزین سے بھی ملاقات کی جس میں دو طرفہ، علاقائی اور عالمی مسائل کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔