ایران: انتخابی مہم ختم، جمعے کی صبح پولنگ
ایران میں پارلیمنٹ، مجلس شورائے اسلامی اور مجتہدین کی کونسل مجلس خبرگان کے انتخابات کے لئے انتخابی مہم جمعرات کی صبح آٹھ بجے ختم ہو گئی، جمعے کی صبح سے پورے ایران میں ایک ساتھ ووٹنگ شروع ہو جائے گی۔
ایرانی عوام اپنے ووٹوں کا استعمال کر کے ، پارلیمنٹ، مجلس شورائے اسلامی کے دو سو نوے اور مجتہدین کی کونسل کے اٹھاسی اراکین کو منتخب کریں گے۔ ایران کے وزیر داخلہ عبدالرضا رحمانی فضلی نے انتخابات کے لئے انتظامیہ کی پوری تیاری کا اعلان کیا ہے۔
وزیر داخلہ نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ انتخابات قومی اقتدار اور ایران کی تعمیر کے عزم و ارادے کے اثبات کے اعادے کا اہم مرحلہ ہیں، کہا کہ جمعہ کو ہونے والے انتخابات کے لئے دس لاکھ اہلکار، ایک لاکھ بیس ہزار بیلٹ بکس اور باون ہزار پولنگ مراکز پوری طرح تیار ہیں۔
انہوں نے برطانیہ سمیت اغیار کی سازشوں کے مقابلے میں ایرانی قوم کی ہوشیاری کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کو سرکاری اور غیرسرکاری انتخابات کے خانوں میں تقسیم نہیں کرنا چاہئے بلکہ ایسی پارلیمنٹ تشکیل پانی چاہئے جو ایرانی قوم کے مفاد میں ہو۔ رحمانی فضلی نے کہا کہ مختلف اداروں کی طرف سے جو سروے ہوئے ہیں ان کے مطابق جمعہ کو ہونے والے انتحابات میں ایرانی عوام کی کم سے کم ستر فی صد شرکت کا اعلان کیا گیا ہے۔
جمعہ کو ہونے والے مجلس شورائے اسلامی اور مجتہدین کی کونسل کے انتخابات میں شرکت کے لئے ووٹروں کی تعداد تقریبا" پانچ کروڑ پچاس لاکھ ہے۔ دنیا کے انتیس ممالک کے نامہ نگار اور رپورٹر ان انتخابات کی رپورٹنگ کریں گے۔
ادھر زرتشتیوں اور یہودیوں سمیت ایران کی مختلف مذہبی اقلیتوں نے جمعہ کو ہونے والے انتخابات میں بھرپور شرکت کے لئے اپنی آمادگی کا اعلان کیا ہے۔
ایرانی پارلیمنٹ، مجلس شورائے اسلامی، کے لئے زرتشت اور یہودی اقلیتوں کا ایک ایک نمائندہ، کلدانی اور آشوری عیسائیوں کا ایک مشترکہ نمائندہ اور جنوبی اور شمالی ارمنی عیسائیوں کا ایک ایک نمائندہ منتخب ہوتا ہے۔