شام: شہر تدمر پر کنٹرول پر علی شمخانی کی مبارک باد
ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی نے شام میں تاریخی شہر تدمر کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرائے جانے پر مبارک باد پیش کی ہے۔
ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی نے شام کے صدر بشار اسد کے نام ایک پیغام میں کہا ہے کہ شام کے علاقوں سے دہشت گردوں کا صفایا کرنے کے لئے شامی عوام، حکومت اور فوج کا عزم گرانقدر اور قابل فخر و ستائش ہے اور یہ شجاعت و فداکاری، علاقے کی تاریخ میں درج ہو گی۔
انھوں نے کہا کہ شامی عوام، حکومت اور فوج کی اس راہ میں ایران کی حکومت اور مسلح افواج، مزاحمت کے مرکز کی حیثیت سے شام کے لئے اپنی مکمل حمایت جاری رکھیں گی۔ علی شمخانی نے داعش کے بڑھتے ہوئے عالمی خطرے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے شام کو دہشت گردی کے خلاف مہم کی فرنٹ لائن سے تعبیر کیا اور تاکید کے ساتھ کہا کہ عالمی اداروں اور دہشت گردی کے خلاف مہم کے دعویدار ملکوں کو چاہئے کہ توجیہ پیش کر کے بعض دہشت گرد گروہوں کی ساکھ سنوارنے اور انھیں امن مذاکرات میں شرکت کی دعوت دینے کے بجائے شام کی حکومت اور دہشت گردی کے خلاف مہم کی بھرپور حمایت کریں۔
ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی نے امید ظاہر کی کہ شام سے دہشت گردی کے خاتمے اور اس ملک میں امن و استحکام کے قیام کے ساتھ، پوری دنیا عالمی سطح پر شام کی ترقی اور سازشوں نیز پراکسی وار کے مقابلے میں استقامت کا ایک کامیاب نمونہ پیش کئے جانے کا مشاہدہ کرے گی۔