ایران اور روس کے درمیان تعاون
اسلامی جمہوریہ ایران اور روس کے پارلیمانی اسپیکروں نے تمام میدانوں میں تہران اور ماسکو کے اسٹریٹیجک تعاون کو جاری رکھنے پر زور دیا ہے-
ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے بدھ کو ماسکو میں روسی دوما کے اسپیکر سرگئی ناریشکین سے ملاقات میں دونوں ملکوں کے دو طرفہ تعاون میں توسیع کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران روس کے ساتھ اپنے تعلقات میں توسیع کو طویل المیعاد مفادات کے تناظر میں دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں امن و استحکام کی برقراری میں روس کا کردار مثبت ہے اور اسی لئے علاقائی مسائل میں ایران و روس کے ساتھ تعاون کر رہا ہے۔
ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے ایٹمی مذاکرات کے بعد روس کے ساتھ اقتصادی تعاون میں توسیع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران میں دو ایٹمی بجلی گھروں کی تعمیر بھی ایران اور روس کے باہمی تعاون کا حصہ ہے۔ روسی پارلیمنٹ، دوما کے اسپیکر سرگئی ناریشکین نے بھی اس ملاقات میں ایران کو روس کا قریبی دوست ملک قرار دیا اور مختلف اقتصادی، سیکورٹی اور دفاعی میدانوں میں دوطرفہ تعلقات میں توسیع پر زور دیا۔
روسی دوما کے اسپیکر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایران کے کردار کو انتہائی اہم بتایا اور دہشت گرد گروہوں کے خلاف جنگ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شام کا بحران سیاسی طریقے سے ہی حل کیا جا سکتا ہے۔