ایران: پچپن انتخابی حلقوں میں پارلیمنٹ کے انتخابات کا دوسرا مرحلہ شروع
https://urdu.sahartv.ir/news/iran-i223636-ایران_پچپن_انتخابی_حلقوں_میں_پارلیمنٹ_کے_انتخابات_کا_دوسرا_مرحلہ_شروع
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے دسویں دور کے انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے ووٹنگ شروع ہو گئی ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Apr ۲۹, ۲۰۱۶ ۰۶:۲۸ Asia/Tehran
  • ایران: پچپن انتخابی حلقوں میں پارلیمنٹ کے انتخابات کا دوسرا مرحلہ شروع

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے دسویں دور کے انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے ووٹنگ شروع ہو گئی ہے۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ایران کے اکیس صوبوں میں پچپن انتخابی حلقوں میں ووٹنگ جمعہ کے روز صبح آٹھ بجے شروع ہوئی۔ جس کے لیے پندرہ ہزار پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔ پولنگ صبح آٹھ بجے سے لے کر شام چھے بجے تک جاری رہے گی اور اگر ضرورت پڑی تو اس کے وقت میں اضافہ بھی کیا جا سکتا ہے۔

انتخابات کے اس مرحلے میں پارلیمنٹ کی اڑسٹھ نشستوں کے لیے ایک سو چھتیس امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہو رہا ہے۔

ایران میں دسویں پارلیمانی انتخابات کا پہلا مرحلہ چھبیس فروری کو منعقد ہوا تھا جس میں پارلیمنٹ کے دو سو اکیس ارکان منتخب ہوئے تھے۔ ان انتخابات میں باسٹھ فیصد ووٹروں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا تھا۔

ایران کے وزیر داخلہ عبدالرضا رحمانی فضلی نے ووٹنگ شروع ہونے سے قبل نامہ نگاروں سے بات چیت میں انتخابات کے پہلے مرحلے میں بھرپور شرکت کرنے پر ایرانی عوام کی تعریف کی اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ پہلے مرحلے کی طرح انتخابات کا یہ مرحلہ بھی پرامن اور شفاف طور پر انجام پائے گا اور عوام اس میں بھرپور شرکت کریں گے۔