ایران میں جاری پارلیمانی انتخابات کی مدت میں مزید دو گھنٹے کی توسیع
https://urdu.sahartv.ir/news/iran-i223699-ایران_میں_جاری_پارلیمانی_انتخابات_کی_مدت_میں_مزید_دو_گھنٹے_کی_توسیع
ایران کےپارلیمانی انتخابات کے دوسرے دور کی پولنگ کی مدت میں رات آٹھ بجے تک توسیع کردی گئی ہے-
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Apr ۲۹, ۲۰۱۶ ۱۴:۲۹ Asia/Tehran
  • ایران میں جاری پارلیمانی انتخابات کی مدت میں مزید دو گھنٹے کی توسیع

ایران کےپارلیمانی انتخابات کے دوسرے دور کی پولنگ کی مدت میں رات آٹھ بجے تک توسیع کردی گئی ہے-

الیکشن کمیش نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ دوسرے دور کے انتخابات کی پولنگ کے وقت میں مزید دوگھنٹے کا اضافہ کردیا گیا ہے اوریوں پولنگ کا وقت رات آٹھ بجے تک بڑھا دیا گیا ہے - اس سے پہلے پولنگ کا وقت شام چھے بجے تک تھا

دوسری جانب اسلامی جمہوریہ ایران کے چیف الیکشن کمشنر نے کہا ہے کہ پارلیمانی انتخابات کے دوسرے دورکے لئے ووٹنگ انتہائی پرامن ماحول میں انجام پارہی ہے

چیف الیکشن کمشنر محمد حسین مقیمی نے جمعے کو ملک کے اکیس صوبوں میں دوسرے دور کے پارلیمانی انتخابات میں عوام کی شرکت کو بہت ہی شاندار قراردیا اور کہاکہ سبھی انتخابی حلقوں میں بہت ہی پرامن ماحول میں ووٹنگ ہورہی ہے -ان کا کہنا تھا کہ سبھی انتخابی حلقوں کے سبھی پولنگ اسٹیشنوں پر قوانین کی پوری طرح رعایت کی جارہی ہے اور کسی قسم کی بے ضابطگی دیکھنے میں نہیں آئی ہے - ایران کے چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ بیشتر انتخابی حلقوں کے نتائج کا اعلان سنیچر کی صبح آٹھ بجے تک کردیا جائے گا- اور اگر کچھ حلقوں کے نتائج باقی رہ جاتے ہیں تو کوشش ہوگی کہ سنیچر کو ہی پہلی فرصت میں ان کا بھی اعلان کردیا جائے -

ایران کے پارلیمانی انتخابات کے دوسرے دور کے لئے اکیس صوبوں میں پچپن حلقوں میں پولنگ جمعے کی صبح آٹھ بجے شروع ہوئی ہے - اس دور میں اڑسٹھ نشستوں کے لئے ارکان پارلیمنٹ کا انتخاب عمل میں آئےگا- اڑسٹھ نشستوں کے لئے ایک سو چھتیس امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے- پارلیمنٹ کے پہلے دورے کے انتخابات چھبیس فروری کو ہوئے تھے جن میں باسٹھ فیصد رائے دہندگان نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا تھا -